ہلال نیوز

وادی تیراہ میں 'باغ امن میلہ' کا انعقاد

گزشتہ دنوں خیبر پختونخواہ کے علاقے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے باہمی اشتراک سے 'باغ امن میلہ'کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا جبکہ بچوں نے قومی پرچم لہرایا۔میلے میں مارچ کرتے ہوئے بینڈ نے خوبصورت دھنوں کے ذریعے شرکاء سے خاص داد وصول کی. افتتاحی تقریب میں بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے۔اس موقع پر پاکستان آرمی کی ملٹری پولیس کے بائیک رائیڈز نے بھی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں خٹک ڈانس اور دیگر علاقائی رقص بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کی سب سے خاص بات پیرا گلائیڈنگ اور پاور گلائیڈنگ کا مظاہرہ تھا جسے وہاں موجود شرکاء نے خوب سراہا۔اس موقع پر شرکاء نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں اس طرح کے ایوینٹس کا انعقاد امن کی واضح مثال ہیں۔



 اختتامی تقریب کے موقع پر کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے باغ امن میلہ میں حصہ لینے والوں کی کاوشوں کو سراہا اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے اشتراک سے منعقدہ باغ امن میلے کی افتتاحی تقریب میں اعلیٰ سول اور فوجی حکام، قبائلی اضلاع کے مشیران، علاقہ مکین، بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ باغ امن میلہ میں کرکٹ،والی بال، گھڑسواری اور رسہ کشی سمیت دیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلے منعقد  کئے گئے۔
 

یہ تحریر 186مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP