ہلال نیوز

جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہزارہ کمیونٹی کے جانی نقصان پر تشویش کا اظہار چیف آف آرمی سٹاف کا دورۂ کوئٹہ اور ہزارہ کمیونٹی کے اراکین سے ملاقات

گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے ہزارہ کمیونٹی کے نمائندوں سے کوئٹہ میں ملاقات کی اورٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے بات چیت کی۔چیف آف آرمی سٹاف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی چیز اُن کے پیاروں کی جان کے نقصان کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ریاست اور اُس کے تمام متعلقہ ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن ہوتے ہیں۔ ہمیں ہزارہ کمیونٹی کے نقصان پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا ہماری سکیورٹی فورسز بہادری اور جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کررہی ہیں تاکہ ملک میں مستحکم امن قائم ہوسکے۔ سال 2018ء کے دوران سکیورٹی فورسز کے37 جوان کوئٹہ میں شہید ہوچکے ہیں۔ اس دہشت گردی کو مات دینے کے لئے ہمیں متحد قومی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ ہم نے بہت سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے اور بہت سے نیٹ ورک تباہ کئے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ان نیٹ ورکس کو کن ملک دشمن قوتوں کا سہارا ہے۔ ہم سب سے پہلے مسلمان ہیں اور باقی سب بعد میں۔ ہم سب پاکستانیوں کو مذہب، فرقے، زبان اور ذات سے بالاتر ہو کر اور متحد رہتے ہوئے ان کو شکست دینا ہے جو ہمیں تقسیم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہاکہ ہم نے ان تخریبی حملوں کو قومی ہم آہنگی سے شکست دینی ہے۔ جو کچھ بھی اور جہاں بھی پاکستان کے عوام کی سکیورٹی کی بہتری کے لئے کیا جاسکا عمل میں لایا جائے گا۔ میں نوجوان نسل سے اُمید رکھتا ہوں کہ وہ اپنی بھرپورکوششوںسے پاکستان کو اپنی منزل تک لے جائیں گے۔ ہزارہ کمیونٹی نے پاک فوج پر مکمل بھروسہ رکھتے ہوئے دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنانے میں پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

 

یہ تحریر 348مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP