اداریہ

زندہ جذبے- اداریہ

قوم ہر سال 6ستمبر کو یوم دفاع پاکستان مناتی ہے۔ یہ وہ دن تھا کہ جب عددی اعتبار سے برتری کے گھمنڈ میں مبتلا دشمن نے پاکستان کو کمزور جانتے ہوئے اس کی سالمیت کو تہہ و بالا کرنے کی غرض سے حملہ کر دیا لیکن مادر وطن کی افواج اور پاکستانی قوم جسد واحد ہو کر نہ صرف دشمن کے سامنے ڈٹ گئیں بلکہ اُسے ایسی ذلت آمیز شکست دی جو کہ ملٹری وارہسٹری میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ یہ بھی یاد رکھا جائے گا کہ وہ دشمن جو لاہور جم خانہ کلب میں فتح کا جشن منانے کا خواب دیکھ رہا تھا، اُسے چند دنوں کی جنگ کے بعد ہی، روس کے توسط سے معاہدہ تاشقند کر کے، اس جنگ سے فرار کا موقع تلاش کرنا پڑا۔


امسال ہم 51 واں یومِ دفاع ان حالات میں منا رہے ہیں کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہیں اور 6ستمبر 1965 کی طرح عوام آج ایک بار پھراپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ الحمدﷲ قوم کو ادراک ہے کہ افواج جنگیں تنہا نہیں لڑا کرتیں، قوم اُن کے ساتھ کھڑی ہو تو افواج کی کارکردگی بہتر سے بہترین ہوجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جون 2014میں شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب نے حیران کن کامیابی سمیٹی ہے اور آج الحمدﷲپاکستان میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے۔ دہشت گرد یا تو مارے گئے ہیں یا انہوں نے فرار ہونے میں عافیت جانی ہے۔ دہشت گردی کا نیٹ ورک فعال نہیں رہا۔ عام شہریوں کے روپ میں دیہی اور شہری آبادیوں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع ہو چکا ہے۔دہشت گرد اور ان کے ملکی اور غیرملکی معاونین (پڑوسی ملک کی قیادت تو کھلم کھلا پاکستان میں مداخلت کا اقرار کر چکی ہے) اب بھی اپنی خفت مٹانے، انتشار اور بے یقینی پھیلانے کی غرض سے دہشت گردی اور تخریب کاری کی کوئی واردات کرنے میں ضرور کامیاب ہو جاتے ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب کومبنگ آپریشن کی تکمیل کے بعد دہشت گردی کی یہ اِکا دُکا وارداتیں بھی ختم ہو جائیں گی۔


یوم دفاع پاکستان یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے لہو اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کریں کہ اس پاک سرزمین کے خلاف کبھی بھی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہم متحد و یکجان ہو کر مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہوں گے۔ قوم اور افواج جس قدر ثابت قدم ہوں ملک کا پرچم اسی قدر وقار سے لہراتا ہے۔ گزشتہ 14سال سے جاری جنگ اور اس میں حاصل ہونے والی کامیابیاں اس امر کی دلیل ہیں کہ یہ قوم اُس نظریئے کی حفاظت کرنے کی اہل ہے جس کی بنیاد پر یہ ملک معرض وجود میں آیا تھا اور انشاء اﷲ افواجِ پاکستان اور قوم آئندہ بھی مادر وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے۔

یہ تحریر 434مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP