ایکس سروس مین سوسائٹی کے انتخابات
لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجدشعیب صدر، لیفٹیننٹ جنرل (ر)جاوید اسلم سینیئرنائب صدر منتخب
گزشتہ دنوںپاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے 59 ویں اجلاس میں متفقہ طور پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجدشعیب کو صدر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اسلم کو سینیئر نائب صدر جبکہ میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان کو نائب صدرمنتخب کیا گیا۔ اس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض احمد چشتی سے سرپرستی جاری رکھنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے سابق صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے صاحبزادے عبداﷲ گل کو سوسائٹی کا لائف ٹائم ممبر بنانے کی قرارداد منظور کی گئی۔ قائم مقام صدر بریگیڈیئر (ر) عبدالرئوف نے الیکشن اجلاس اور کارروائی کی صدارت کی۔ اس موقع پر جے سی اوز نے کہاکہ بہت مہنگائی ہوگئی ہے، عام فوجی کی پنشن اتنی قلیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتا۔ 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کا علاج بھی فوجی فائونڈیشن نہیں کرتی، جب تک بچے زیر تعلیم ہوں ان کا علاج فوجی فائونڈیشن کرے۔ نومنتخب صدر نے کہاکہ وہ ملک بھر میں اپنی سوسائٹی کو فعال کریں گے اور ایکس سروس مین کے حل طلب معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ون رینک ون پنشن ہونی چاہئے، نئے اور پرانے ریٹائر ہونے والوں کی پنشن برابر ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے اندر 35 لاکھ سے زیادہ ریٹائرڈ فوجی ہیں جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر) جاوید اسلم نے کہاکہ ملک اندرونی طور پر انتشار کا شکار ہے اور بیرونی طور پر بھی ہمیں تنہا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم اگر ہم متحد ہوں تو کوئی بھی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکے گا۔
مظفر گڑھ میں فری آئی اور جنرل میڈیکل کیمپ کا انعقاد
گزشتہ دنوں پاک فوج کے زیر انتظام ضلع مظفر گڑھ میںتین روزہ فری آئی اور جنرل میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں پاک آرمی کے ماہرڈاکٹروں کی ٹیموں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میںمریضوں کا مفت معائنہ کیا ۔ میڈیکل کیمپ کے دوران مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ آنکھوں، جلد، گائنی، بچوں اور دیگر موذی امراض کے فری ٹیسٹ کئے گئے اور 100 مریضوں کی آنکھوں کا مفت آپریشن کیا گیا۔اس میڈیکل کیمپ میں تقریباً 4500مریضوں کو مفت طبی سہولیات اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ علاقہ مکینوں نے پاک آرمی کی طرف سے فری آئی اور جنرل میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک فوج کی طرف سے ایسے اقدامات کئے جاتے رہیں گے۔
یہ تحریر 540مرتبہ پڑھی گئی۔