ہلال نیوز

وائس ایڈمرل احمد تسنیم کے اعزاز میں یادگار کا افتتاح

وائس ایڈمرل احمد تسنیم کے اعزاز میں یادگار کا افتتاح

پاک بحریہ کی تاریخ جرأت و بہادری کے کارناموں سے عبارت ہے جس میں جنگی شہداء اور غازیوں کی قربانیاں سنہرے الفاظ سے رقم ہیں۔ شہداء اور غازیوں کے عظیم کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کو زندہ جاوید رکھنے کے لئے پاک بحریہ میں یاد گار کی تعمیر ایک عسکری روایت ہے۔ گزشتہ دنوں میرین ٹریننگ سینٹر کراچی میں '1971 وار ہیرو' کے نام سے پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی کمان کرنے والے وائس ایڈمرل احمد تسنیم کے اعزاز میں ایک یادگار تعمیر کی گئی ہے۔ یادگار کا افتتاح کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے کیا۔ یہ یادگار سب میرین ٹریننگ سینٹر کے داخلی دروازے پر بنائی گئی ہے۔

1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز ہنگورنے اُس وقت کے کمانڈر احمد تسنیم کی سربراہی میں 21 نومبر کو اپنا reconnaissance آپریشن شروع کیا تھا۔ 2 دسمبر کو آبدوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے ویسٹرن فلیٹ کے جہازوں کی ایک بڑی فارمیشن کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ علاوہ ازیں، بھارتی جہازوں کے کراچی پر حملے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ بھارت نے آئی این ایس کُکری اور  کِرپان نامی دو فریگیٹس ہنگور کو پکڑنے کے لئے روانہ کئے۔ آبدوز ہنگور نے 9دسمبر کو تارپیڈو فائرنگ سے بھارتی جہاز کُکری کو ڈبو دیا جب کہ کِرپان کو  شدید نقصان پہنچایااور وہ جنگ میں حصہ لینے کے قابل نہ رہا۔ کُکری دو منٹ میں ہی 192 افراد کے ساتھ سمندر میں غرق ہو گیا۔ اس عظیم کارنامے کی یاد میںہر سال 9دسمبر کو پاک بحریہ میںہنگور ڈے منایا جاتا ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

نیشنل شوٹنگ چیمپیئن شپ

گزشتہ دنوں25ویں نیشنل شوٹنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کراچی میں ہوا۔چیمپیئن شپ میںپاک آرمی،  پاک بحریہ ،  پاک فضائیہ،  پنجاب،  سندھ،  واپڈا،  فیڈرل رائفل ایسو سی ایشن اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ چیمپیئن شپ کے دوران دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔  پاک بحریہ کی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کے20،چاندی کے  14 اورکانسی کے 11تمغے حاصل کر کے چیمپیئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔پاک آرمی نے سونے کے 12،چاندی کے 17اور کانسی کے 6تمغوں کے ساتھ دوسری جبکہ پاک فضائیہ نے سونے کے2اورکانسی کے 6تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان ِ خصوصی کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار تھے۔مہمانِ خصوصی نے تقریب کے آخرمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شوٹرز اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

یہ تحریر 460مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP