گزشتہ دنوںکیڈ ٹ کالج اورماڑہ میں دوسرے یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ پاکستان جنابممنون حسین تھے۔ مہمانِ خصوصی کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کیڈٹس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معیار ی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دیں۔ صدرِ مملکت نے اس موقع پر بلوچستان میں تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کیڈ ٹ کالج اورماڑہ کے قیام پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور مکران کے ساحل پر بسنے والی مقامی آبادی کے معیارِ تعلیم کو بلند کرنے اور ان کی سماجی و معاشی بہبود کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔صدرِ مملکت نے ساحلی پٹی پر پاک بحریہ کی جانب سے شروع کئے جانے والے فلاحی منصوبوں اور کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ صدر مملکت نے مزید کہاکہ اورماڑہ میں ایک معیاری تعلیمی ادارے کا قیام ساحلی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کی کوششوں کا مظہر ہے جو یقینا قابلِ تعریف ہیں۔
صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ بلوچستان میں شروع کئے گئے متعدد ترقیاتی منصوبے بشمول گوادر پورٹ اور سی پیک ، صوبے سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوں گے تاہم ان فوائد کا حصول صوبے میں تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبۂ استقبالیہ میں پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ، کموڈور مسعود الحسن نے تقریب میں شرکت پر مہمان خصوصی اور کیڈٹس کے والدین کا شکریہ ادا کیا اور کالج کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
یومِ والدین کے موقع پر کیڈٹس نے پی ٹی، جمناسٹک، مارشل آرٹ اور رائفل ڈرل کا مظاہرہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر سائنس اور آرٹس کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ تحریر 699مرتبہ پڑھی گئی۔