گزشتہ دنوں بلوچ ریکروٹس کے آٹھویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کوئٹہ ای ایم ای سینٹر میں منعقد ہوئی۔ تقر یب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،صوبائی وزرا ،اعلیٰ سول وفوجی افسران اور مختلف سکولوں اور جامعات کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہایہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاک فوج میں شامل ہو کر اس ملک اور سر زمین کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر ہمارے دشمنوں کے ایما پر بدامنی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جسے ناکام بنانے کے لئے ہمیں اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کمبیٹ ڈرل کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ پاکستان ایئر فورس کے
F-7
جیٹ طیاروں کے ساتھ ساتھ پاکستان آرمی ایوی ایشن کے مشاق طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے بھی سلامی پیش کی۔یاد رہے کہ پاک فوج کے زیر اہتمام580 بلوچ جوان تربیت حاصل کر کے پاک فوج کا حصہ بنے ہیں جبکہ اس سے قبل 13200 بلوچ ریکروٹس اب تک پاک فوج میں شامل ہو چکے ہیں 600 بلوچ آفیسرز بھی پاک فوج میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ232 کیڈٹس پی ایم اے کاکول میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور پاک فوج کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں25000 بلوچ طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں دوران تربیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو اعزازی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
یہ تحریر 380مرتبہ پڑھی گئی۔