ہلال نیوز

پہلا بہاولپور نیزہ بازی، رائیڈنگ گالا  اور پولو کپ 2021

گزشتہ دنوں کمانڈربہاولپورکورلیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاکی خصوصی ہدایت اور کاوش سے فرسٹ بہاولپور نیزہ بازی، رائیڈنگ گالا اور پولو کپ 2021 بہاولپور گیریژن میں ہیڈکوارٹر 26میکانائزڈ ڈویژن کے زیرِ انتظام منعقد ہوا۔تقریب کا مقصد بہاولپور کور کے افسروں اور جوانوں میں  پولواور گھڑ سواری کا رجحان پیدا کرنے کے علاوہ تفریح کا موقع مہیا کرناتھا۔اِس تقریب میں لاہور سے رینجرز ایگزیبیشن ڈرل سکواڈ ،موج گڑھ قلعہ سے رینجرز کیمل بینڈ، آرمی ڈاگ بریڈنگ اور ٹریننگ سنٹر راولپنڈی سے ڈاگ شو ٹیم اور ڈیرہ اسماعیل خان  ملٹری پولیس سنٹرسے موٹر سائیکل ٹِرک رائیڈ ٹیم نے رنگ بکھیرا۔ایونٹ میں پاکستان کے دوردراز علاقوں سے نیزہ بازی اور پولو ٹیمز نے حصہ لے کر اِس ایونٹ کو چار چاند لگا دئیے ۔



یہ ایونٹ چار دِن تک جاری رہا جس کے پہلے دو دن نیزہ بازی اور رائیڈنگ گالاکا اہتمام تھا۔اِس رایئڈنگ گالا میں بہاولپور پولو اور سیڈل کلب کے بچوں نے مختلف گیمز میں حصہ لیا جن میں شورائیڈ، بکٹ دِی بال، فلیگ ریس، بیرل ریس اور میوزیکل چیئر وغیرہ شامل تھے ۔صادق پبلک سکول کے طلباء وطالبات نے بھی نیزہ بازی اور شو جمپ میں مہارت دکھائی۔ اِس رائیڈنگ گالا میں سِول کلبز ، پنجاب رینجرز، صادق پبلک سکول، بہاولپور کور، بہاولپور پولو اور سیڈل کلب کی ٹیموں نے نیزہ بازی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا جس میں سیکشن رن، فائل رن اور سیکشن آف 16 رن قابلِ دید تھے۔
آخری دو دِن فرسٹ بہاولپور پولو کپ2021 کا انعقاد کیا گیاجس میں کمانڈر بہاولپورکورلیفٹیننٹ جنرل خالدضیانے بطور ِکھلاڑی شرکت کی۔ اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیمز نے حصہ لیا  جن میں نور محل گرینز، چنکارہ ییلوز، بیئر نکل ریڈز اور پیلیکن بیلو زشامل تھیں ۔پولو کپ میں پیلیکن بیلوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔کمانڈر بہاولپور کور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے بطور مہمان خصوصی انعامات بھی تقسیم کئے۔  
 

یہ تحریر 175مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP