رپورٹ

جنرل ہیڈکوارٹرزمیں تبدیلیِ کمان کی تقریب

پاک فوج کے 17ویں سپہ سالار کی کمان سنبھالنے کی تقریب 29 نومبر 2022 کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ جہاں ریٹائر ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ اورنامزد چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے تقریب میں آنے سے قبل یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں بینڈ نے ملی نغموں کی مدھم دھنیں بکھیرتے ہوئے پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قومی پرچم کو سلامی دی گئی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔پھر ملٹری بینڈنے بگل بجا کر نامزد چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی تقریب میں آمد کا اعلان کیا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد کا اعلان بھی ہواجس پرحاضرین نے تالیاں بجا کر اوراحتراما ًکھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔



اس موقع پرپاک فوج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔گارڈ کمانڈر سلامی کے چبوترے کی جانب بڑھے اور مہمان خصوصی کو اعزازی گارڈ کے معائنے کی دعوت دی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ معائنہ مکمل کرنے کے بعد جنر ل قمر جاوید باجوہ واپس سلامی کے چبوترے پر آ کر جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔اپنے خطاب میں سابق آرمی چیف نے نئے آرمی چیف کو مبارکباد دی اور کہا کہ فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت مکمل ہونے پر میں اﷲ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج میں ملازمت کا موقع دیا اور ایک بامقصد زندگی عطا کی۔




خطاب کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے نئے سر براہ جنرل عاصم منیر کو کمان سِٹک سونپی۔تبدیلی کمان کے بعد دونوں سالار سلامی کے چبوترے پر پہنچے جہاں پاک فوج کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
تبدیلی ِ کمان کی اس پروقار تقریب میں چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر ششماد مرزا، مسلح افواج کے سربراہان ، مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کے ساتھ ساتھ وفاقی وزر ا  ،قومی اوربین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اورسفارتکاروں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 

یہ تحریر 49مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP