رپورٹ

جنرل ہیڈکوارٹرزراولپنڈی میں یومِ دفاع وشہداء کی پُر وقار تقریب کا انعقاد

گزشتہ دنوں جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں یومِ دفاع و شہداء کی پر وقار تقریب کا آغاز کیاگیا۔ یہ تقریب ہر سال جنگِ ستمبر میں شہید ہونے والے ہیروز کی قربانیوں کی یاد میں منائی جاتی ہے، تاہم اس سال ملک بھر میں سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں اس تقریب کو مؤخر کیاگیا تھا۔ اس تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطورآرمی چیف اپنے آخری خطاب میں شہداء کی فیملیز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدائے پاکستان ہمارا فخر ہیں اور ہم کبھی ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔اُن  کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ استعداد سے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور ان شاء اﷲ آئندہ بھی کرتی رہے گی۔



حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نعمتِ خداوندی ہے، ہمارا وجود اس کی سلامتی اور بقاء سے ہے، اس کی آزادی اور استحکام کے لیے شہداء نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ قوم کا سرمایہ ٔ افتخار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مادرِ وطن کی حفاظت اور سالمیت ہمارا اولین فرض ہے اور رہے گا، جس کو نبھانے کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں  نے مزید کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔ زمانۂ جنگ ہو یاامن پاک فوج کے جوان ہر وقت جان ہتھیلی پر رکھ کر مادرِ وطن کے دفاع پر مامور رہتے ہیں۔



اس سے قبل انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت شہداء کے لواحقین اور غازیوں نے بھی شرکت کی۔

یہ تحریر 51مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP