کمانڈ ر پشاور کور کا دورۂ مہمند ٹرائبل ڈسٹرکٹ
گزشتہ دنوںکمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے مہمند ٹرائبل ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کورکمانڈر کو ڈسٹرکٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
اس موقع پرمیجر جنرل محمد وسیم اشرف آئی جی ایف سی(نارتھ) اور میجر جنرل انعام حیدر ملک جنرل آفیسر کمانڈنگ انجیئنرڈویژن بھی کورکمانڈرکے ہمراہ تھے۔
این ایل سی کی دوست ریکوری سروس کا اجراء
گزشتہ دنوں پاکستان کی لاجسٹک صنعت کی کارکردگی بڑھانے اور مسافروں کی سفری مشکلات کو کم کرنے کے غرض سے نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے جی ٹی روڈ پرگاڑیوں کی جامع ریکوری کے نظام کا اجراء کر دیا ہے۔
دوست ریکوری کے نام سے شروع کی گئی یہ سروس چوبیس گھنٹے میسر ہوگی جوکہ مسافروں کو بالعموم اور ٹرانسپورٹرز کو بالخصوص حادثات اور گاڑیوں میں تکنیکی خرابی کی صورت میں خدمات مہیا کرے گی۔ این ایل سی کی ریکوری سروس کے لئے جدید مشینری اور سامان جی ٹی روڈ سے متصل این ایل سی کے مراکزپر دستیاب ہوگا جنہیں بوقتِ ضرورت ہلکی اور بھاری گاڑیوں کی ریکوری کے لئے استعمال میں لایا جا سکے گا۔ مسافروں کی مدد کے لئے خصوصی ہیلپ لائن UAN 042-111-321-321 بھی قائم کی گئی ہے تاکہ خراب اور ناکارہ گاڑیوں کو فوری ریکور کرایا جاسکے۔
ریکوری سروس، ڈرائیورز ایمر جنسی اینڈ ریسٹ ایریاز (ڈیرہ) کے جامع منصوبے کا حصہ ہے جسے مستقبل قریب میں شروع کیا جائے گا۔ٹرکنگ اور بس سروسز، این ایل سی کا ذیلی ادارہ ہے جو کہ بین الاقوامی معیار کے ریسٹ ایریاز تعمیر کرے گاجن میں تمام سہولیات میسر ہوں گی ۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ڈرائیورز ایمر جنسی اینڈ ریسٹ ایریاز (ڈیرہ) جی ٹی روڈ پر قائم کئے جارہے ہیں جنہیں بعد ازاں مکران کوسٹل ہائی وے، شاہراہ ریشم، کوئٹہ -گوادر روڈ، کوئٹہ - تفتان روڈ اور سی پیک مغربی روٹ تک توسیع دی جائے گی۔
ڈرائیورز ایمر جنسی اینڈ ریسٹ ایریاز ( ڈیرہ) کا قیام قومی ٹرکنگ پالیسی کا حصہ ہے جن میں ہر قسم کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ان میں کثیر المقاصد پارکنگ، مسجد، پٹرول پمپس، ریستوران، گودام، ورکشاپ، ابتدائی طبی امداد اور ایمبولینس سروس وغیرہ شامل ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے اجراء کے بعد بھاری ٹریفک کے حجم میں بے پناہ اضافہ متوقع ہے۔اس تناظر میں جدید ایمرجنسی اینڈ ریسٹ ایریاز کا قیام ناگزیر ہے۔ این ایل سی دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری کے لاجسٹکس چیلنج پر پورا اُترنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
این ایل سی دوست ریکوری کے حکام نے ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن، بس سروس ، محکمہ ٹرانسپورٹ ، پرائیویٹ وہیکل ریکوری کے مالکان اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ جی ٹی روڈ پر ریکوری سروس کی فراہمی کے سلسلے میں مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے۔ (رپورٹ: سید مشتاق احمد)
یہ تحریر 628مرتبہ پڑھی گئی۔