دوسرا چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2018
ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے جس کے پاکستان نے عالمی تاریخ میں کئی باب رقم کئے ہیں۔ پاکستان ہاکی کے درخشاں ماضی کے احیاء میں پاک بحریہ ہمیشہ سے پُرعزم اور کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دنوں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے پاک بحریہ نے چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس سلسلے کا دوسرا ٹورنامنٹ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد کیا گیا۔
دوسرے چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب پولیس، پورٹ قاسم اتھارٹی، سوئی سدرن گیس کمپنی، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، نیشنل بنک آف پاکستان اور واپڈا کی ٹیمیں شامل تھیں۔
ٹورنامنٹ کا فائنل نیشنل بنک آف پاکستان اور واپڈا کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم نے جیت لیا۔ واپڈا نے دوسری جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف دی نیول سٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔
مَیری ٹائم شعورو اگہی سیمینار
گزشتہ دنوں پاک بحریہ مَیری ٹائم آگہی پروگرام کے سلسلے میں پی این ایس جوہر کراچی میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ''پاکستان کے مَیری ٹائم اثاثوں کی حفاظت'' تھا۔
سیمینار کے پہلے سیشن کے دوران نسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کی سینیٹر محقق نغمانہ ظفر نے مَیری ٹائم شعور و آگہی کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوشینو گرافی کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نزہت خان نے بحری وسائل کی تلاش کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی اور پاکستان نیوی ہائیڈرو گرافی ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر سلمان احمد نے پاکستان کے مَیری ٹائم زون کے محلِ وقوع سے حاضرین کو آگاہ کیا۔
دوسرے سیشن کے دوران لیفٹیننٹ کمانڈر ڈاکٹر ایم مبین صدیقی نے مَیرین آلودگی کی وجہ سے مَیری ٹائم اقتصادیات کو پہنچنے والے نقصان پر اظہار خیال کیا۔
یونیورسٹی آف کراچی کے ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری کی ڈائریکٹر ریسرچ لیب پروفیسر ڈاکٹر رافعہ عظمت نے میرین آلودگی، اس کے کنٹرول اور اصلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں ڈاکٹر حِرا امجد نے میرین آلودگی کی روک تھام سے متعلق بین الاقوامی اور ملکی قوانین پر گفتگو کی۔
سیمینار کے اختتام پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجنیئرنگ کالج، ریئر ایڈمرل عدنان خالق نے شرکاء سے خطاب کیا اور میری ٹائم شعور و آگہی کے فروغ میں پی این ایس جوہر کے کردار کو سراہا۔
سیمینار میں پاک بحریہ کے آفیسرز، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یہ تحریر 618مرتبہ پڑھی گئی۔