ہلال نیوز

سعودی وزیر خارجہ کی چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات

گزشتہ دنوں سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے چیف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجودہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور ، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورت حال پر دو طرفہ تبادلہ خیال ہوا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے او آئی سی کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس بلانے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس بین الاقوامی کوشش کو آگے بڑھانے اور افغانستان کو بڑھتے ہوئے سلامتی اور انسانی بحران سے بچانے کے لئے انتہائی اہم ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں مملکت کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لئے تنازع کشمیر کا پُرامن حل ضروری ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ معزز مہمان نے افغان صورت حال میں پاکستان کے کردار ، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے بھی اپنے کردار کا عہد کیا۔



 

یہ تحریر 182مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP