ہلال نیوز

ملٹری کالج سُوئی انتہائی شاندار تعلیمی نتائج دے رہا ہے‘ کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی

ملٹری کالج سوئی میں تیسرے یوم والدین کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تھے ۔ وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ، انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور بلوچستان میجر جنرل شیر

افگن ،ایجوکیشن سیکرٹری بلوچستان عبدا لصبور کاکڑ نے بھی یومِ والدین کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا ۔جس کے بعد کمانڈانٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈئیر ہارون رشید نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اُنہوں نے رپورٹ میں بتایاکہ اپنے قیام کے پہلے سال سے ہی ملٹری کالج سوئی نے انتہائی شاندار نتائج پیش کر کے ملک کے کئی نامور تعلیمی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیاہے۔ گذشتہ سال کی مانند اس سال بھی فسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کا نتیجہ ۱۰۰ فی صد رہا۔ مجموعی طور پر سیکنڈ ائیر کے ۹۰ کیڈ ٹس نے A 1 گریڈ اور A گریڈحاصل کئے۔جب کہ فرسٹ ائیر کے ۸۹کیڈٹس نے A1گریڈ اور A گریڈ حاصل کئے۔اس کے علاوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے ملٹری کالج سوئی کی دو انٹریز بھی پاس آؤٹ ہوگئی ہیں۔ جن میں سے ۲۷ کیڈ ٹس، کمیشن حاصل کر کے پاکستان آرمی میں دفاع وطن کے اہم فریضے پر معمور ہیں۔ اور ۵۰ کیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملٹری کالج سوئی کے اہم پروجیکٹس کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے جن میں کیڈٹس کے لئے جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شامل والدین کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ملٹری کالج سوئی اُن کے بچوں کے روشن مستقبل کا ضامن ہے۔ کمانڈانٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈئیر ہارون رشید کے خطاب کے بعد مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے سال ۱۵۔۲۰۱۴ ء کے اعزاز یافتہ کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔انہوں نے سب سے پہلے انفرادی انعامات جیتنے والے کیڈٹس میں انعات تقسیم کئے، جب کہ اس کے بعد اجتماعی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ یاد رہے کہ ملٹری کالج سُوئی کا افتتا ح ۳ جنوری ۲۰۱۱ء کوُ اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف نے اس عزم اور وولولے سے کیا کہ بلوچستان کے نوجوان پاک آرمی کے اس اعلیٰ تعلیمی ادارے میں زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔آج الحمدللہ پاکستان آرمی کی بے پناہ کوششوں اورسوئی ڈیرہ بگٹی کے قبائلی عمائدین اور بلوچستان حکومت کے تعاون سے تقریباً چار سال کے قلیل عرصے میں ملٹری کالج سوئی کاشمار پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہونے لگا ہے۔ رپورٹ: کیپٹن محمد مبشر فاروق

یہ تحریر 757مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP