رپورٹ

سیلاب زدگان کے لیے پنجاب پولیس کی امدادی سرگرمیاں

پاکستان میں حالیہ سیلاب نے جوتباہی مچائی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔عام شہری صرف اندازہ لگا سکتے ہیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ محصور لوگ ہی جانتے ہیں کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے انہیں کتنا متاثر کیا ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ ملک میں جب بھی کوئی آفت آئی تو ڈسپلن فورسز نے امدادی کاموں میں اپنا بھرپور کردار ادا کیااور اپنی پوری توانائیاں لگا کر عوام کی جان بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی ہر سطح پر مدد کی ہے ۔افواج پاکستان اور دیگر فورسز کے ساتھ ساتھ پولیس فورس نے بھی اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ پنجاب میں سیلاب آنے پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے فوری طور پر پنجاب پولیس کا ویلفیئر مشن شروع کر دیا تھا جو تاحال جاری ہے اور سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں پولیس ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔ پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ ان کے مال مویشیوں کو بھی ریسکیو کر رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ وسائل کے نقصان کی شرح کو بھی ہر ممکن حد تک کم کیا جا سکے۔اس سلسلے میں آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب زدگان کے ریلیف ورک کی خود نگرانی کریں اور آرپی اوز، ڈی پی اوز فیلڈ وزٹس میں مزید تیزی لاکر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں۔



پنجاب میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی جی خان ریجن میں سیلابی صورتحال اور مزید بارشوں کے خدشہ کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور ریلیف ورک کے حوالے سے پیشگی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے پولیس کو تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے سیلابی علاقوں میں سے اب تک 20595 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے متاثرہ علاقوں سے 6 ہزار سے زائد مویشیوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہاکہ سیلاب زدگان میں17 ہزارسے زائد امدادی سامان کے پیکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔
سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے پنجاب پولیس انتہائی متحرک نظر آ رہی ہے  ۔پولیس کے تمام افسران و جوان متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ پنجاب پولیس کی امدادی کاروائیوں کو عوام کی جانب سے بھی بہت سراہا جا رہا ہے ۔ یہ فورس کے وہ تربیت یافتہ جوان ہیں جو ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں اپنے معمول کے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ عوام کی مدد اور ویلفیئر  میں بھی نمایاں نظر آتے ہیں ۔ پنجاب پولیس کے دستہ اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ بن کر دنیا بھر میں امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔ پنجاب میں بھی جہاں جہاں سیلاب آیا وہاں پنجاب پولیس کے جوان فوری مدد کے لیے پہنچے اور جہاں سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا وہاں بھی بروقت عوام کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
 

یہ تحریر 56مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP