گزشتہ دنوں کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی کانووکیشن تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے طالب علموں اور فیکلٹی سٹاف کو کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پہلے کانووکیشن پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں 97 گریجویٹ طلباء و طالبات شامل تھے۔ مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے اور گریجویٹ طالب علموں میں اسناد تقسیم کیں۔ مس خولہ شانزا چھ گولڈ میڈلز کے ساتھ بہترین طالبہ قرار پائیں جبکہ شمسہ مبین نے سرجری میں، عائشہ سیف نے گائینا کالوجی میں، صدف سعید نے میڈسن میں اور نیلم ناز نے ای این ٹی میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ابوبکر نے شعبۂ چشم اور عاطف خان نے کمیونٹی میڈیسن میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ تقریب میں سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل آصف سُکھیرا، وائس چانسلر آف بلوچستان یونیورسٹی، اعلیٰ سول اور فوجی افسران کے علاوہ طلباء و طالبات کے والدین نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے اس موقع پر گریجویٹ طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حفظان صحت کے نظام کے محافظ ہیں اور انہیں معاشرے کو صحت مند رکھنے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی پورے جذبے سے خدمت کریں۔
یہ تحریر 456مرتبہ پڑھی گئی۔