ڈیفنس فورسز ویٹرنز ایسوسی ایشن پاکستان کا سالانہ اجلاس
گزشتہ دنوں ڈیفنس فورسز ویٹرنز ایسوسی ایشن پاکستان (DFVA PAK)کا 29 واں سالانہ اجلاس ڈیفنس سروسز آفیسرز میس لاہور چھائونی میں منعقد ہوا جس میں 400 سے زائد سابقہ فوجیوں نے شرکت کی۔ شرکاء میں آفیسرز، جے سی اوز، این سی اوز اور دوسرے رینکس کے عہدیدار شامل ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کی۔اجلاس میں آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے جنرل صاحبان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ جن میں قابل ذکر لیفٹیننٹ جنرل فیض علی چشتی (ریٹائرڈ)ہیں جو خاص طورپر راولپنڈی سے تشریف لائے۔ اسی طرح کرنل اکرام اﷲ خان (ریٹائرڈ) جو کہ ایسوسی ایشن کے بانی ممبر ہیں، نے بھی باوجود علالت کے ویل چیئر پر تشریف لا کر اجلاس میں شرکت کی۔ حاضر سروس افسران میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 11 Div، بریگیڈیئر شہاب اسلم، بریگیڈیئر بابر محمود عباسی اور بریگیڈیئر محمد ساجد کھوکھرشامل تھے۔
جنرل سیکرٹری بریگیڈیئر صفدر حسین اعوان (ریٹائرڈ) نے حسب معمول ایسوسی ایشن کی گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کو شرکاء نے قابل تحسین قرار دیا۔
صدر DFVA Pak لیفٹیننٹ جنرل فاروق احمد خان (ریٹائرڈ) نے اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے خاص طور پر تین نکات پر زور دیا۔ اول، پرانے پینشنر حضرات جو کہ مساوی رینک کے نئے پینشنرز سے آدھی پینشن لے رہے ہیں انہیں متناسب اضافہ دینا۔ دوئم، پاکستان آرمڈ سروسز بورڈ (PASB)کو، جو کہ سابقہ فوجیوں کا رفاعی ادارہ ہے، دوبارہ فعال اور کارگر بنانا۔ سوئم، افواج پاکستان کے صدر دفاتر اور حاضر سروس بالا عہدیداران سے سابقہ فوجیوں کے رفاعی کاموں میں بھرپور دلچسپی اور مدد۔
اس موقع پر کور کمانڈر نے سابقہ فوجیوں اور ان کے مستحق اہلِ خانہ کی بھلائی کے کاموں کی تکمیل کے لئے ایک خطیر رقم DFVA Pak کو بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ مہمانِ خصوصی نے مستحق خاندانوں میں سلائی مشینوں کی تقسیم اور ویٹرنز کے مستحق بچوں میں تعلیمی و ظائف کے ٹوکن بھی تقسیم کئے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فاروق احمد خان (ریٹائرڈ)یکے بعد دیگرے دو مرتبہ 6 سال DFVA Pak کی رہنمائی کرنے کے بعد صدر کے عہدے سے سکبدوش ہوئے اور لیفٹیننٹ جنرل شاہد حمید (ریٹائرڈ) کو اگلے تین سالہ دور کے لئے بطور صدر منتخب کیا گیا۔ اسی طرح وائس ایڈمرل طیب علی ڈوگر (ریٹائرڈ) کو عرصہ تین سال کے لئے سینیئر وائس پریذیڈنٹ نیوی منتخب کیا گیا۔
سگنل ٹریننگ سنٹر میں ریکروٹس کی پاسنگ آؤ ٹ پریڈ
گزشتہ دنوں سگنل ٹریننگ سنٹر کوہاٹ میں ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی ، میجر جنرل عامر عظیم باجوہ کرنل کمانڈنٹ کور آف سگنلز ڈی جی ایس سی او پریڈ کے مہمانِ خصوصی تھے۔
اس موقع پر میجر جنرل عامر عظیم باجوہ نے ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ اپنی بنیادی عسکری وتکنیکی تربیت مکمل کر کے کور آف سگنلز کی مختلف یونٹوں کا حصہ بننے جارہے ہیں ۔ کور آف سگنلز پاک آرمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی غیر موجودگی میں جنگ جیتنا ناممکن ہے۔ یہ وہی شعبہ ہے جو کمانڈر اورسپاہ کے درمیان مؤثر مواصلاتی نظام کو بحال رکھتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے کورس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے۔
یہ تحریر 734مرتبہ پڑھی گئی۔