اداریہ

اداریہ- ! پُرعزم قوم

قوموں کی تاریخ لازوال قربانیوں اور شجاعت سے لبریز داستانوں سے مزین ہوتی ہے۔ دنیاکی کوئی قوم ایسی نہیں جس نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لئے مشکلات کا سامنا نہ کیاہو۔بے حوصلہ اور بزدل اقوام کبھی بھی اپنی سالمیت اور بقاء کو یقینی نہیں بناسکتیں۔ پاکستانی قوم کا شمار بہادر اور جری اقوام میں کیا جاتا ہے۔ پاکستانی قوم دنیا کی اُن چند اقوام میں سے ایک ہے جس نے کم وقت میں اپنی ایک شناخت یوں بنائی کہ 1947میں الگ ملک حاصل کرنے والی یہ قوم وطن کو درپیش ہر جارحیت اور چیلنج کے خلاف ڈٹ کر کھڑی دکھائی دیتی ہے۔ یہ وہ قوم ہے جسے وطنِ عزیز کے قیام کے ایک سال میں ہی دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا جس کا اس نے منہ توڑ جواب دیا۔ پھر اُس کے بعد 1965‘1971 ‘ معرکۂ کارگل اور سیاچن کی یخ بستہ چوٹیوں پر تعینات ہماری سپاہ نے یہ ہمیشہ ثابت کیا کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے

 

الغرض یہ وہ قوم ہے جس کی افواج بہترین عسکری تاریخ کی حامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب اسے نائن الیون کے بعد بین الاقوامی سطح پر لڑی جانے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ بننا پڑا تو اس کی کارکردگی دنیا بھر کی دیگر افواج سے کہیں بہتررہی۔ ان کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف ہمیشہ دیگر ممالک نے بھی کیا۔ مغربی سرحدوں پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بنا پر جواباً پورے ملک کوبم دھماکوں کا سامناکرنا پڑا اور ملک کے حساس مقامات کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔اِس دشمن کی چونکہ کوئی اخلاقی اقدار نہیں لہٰذا ا س نے سکولوں اور کالجوں کو بھی ٹارگٹ کیا ۔ گزشتہ برس 16 دسمبر کو دہشت گردوں نے جب اے پی ایس پشاور کو بھی نشانہ بنایا تو قوم خوفزدہ ہونے کے بجائے یکجان اور متحد ہوکر دشمن کے سامنے ڈٹ گئی۔

 

افواجِ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جون2014 میں ہی ضربِ عضب آپریشن شروع کرچکی تھیں لیکن اے پی ایس پشاور کے واقعہ کے بعد اس آپریشن کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور شدت پسندوں کا ان کی کمین گاہوں تک پیچھا کیاگیا۔ اُن میں سے متعدد مارے گئے اور باقیوں کو پاکستان کی مقدس سرزمین سے بھاگنے پر مجبور کردیا گیا۔ بھاگنے والے شدت پسند اب بھی سرحد پار سے پاکستانی چوکیوں پر حملے کرنے کی سعی کرتے ہیں جن کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔

 

قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک افواجِ پاکستان اُسی تندہی اور چابکدستی سے اپنے فرائض اد کرنے میں مگن ہیں۔بلاشبہ یہ امر قوم کے لئے باعث اطمینان ہے کہ افواجِ پاکستان ہیں تو انکے ہوتے ہوئے وطن کی سرحدیں خواہ وہ مشرقی ہوںیا مغربی‘ وہ سیاچن کی یخ بستہ چوٹیاں ہوں یا چولستان سے ملحقہ سرحدیں وہ ہمیشہ محفوظ اور مضبوط ہیں۔۔ الحمدﷲ ! پاکستانی قوم ایک پُرعزم قوم ہے جو ملک کو درپیش نازک حالات میں اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے جو پاکستان کے محفوظ اور روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ تحریر 753مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP