ہلال نیوز

سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا دورہ

گزشتہ دنوں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ فیصل کا دورہ کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر ائیر وائس مارشل حسین احمد صدیقی، صدر ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ نے ان کا استقبال کیا۔ مہمانِ خصوصی نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کو فضائی جنگ کے جدید چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے اعلیٰ درجے کے تعلیمی معیار کے حصول پر مبارکباد دی۔



ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے باخبر رہتے ہوئے گرے ہائبرڈ تنازعات اور سائبر وارفیئر سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دورحاضر کی جنگ میں تبدیلی کے تناظر میں مشترکہ فوجی آپریشنز کے بغیر فوجی مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک باوقار ادارہ ہے، جہاں پاکستانی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران اہم کمانڈ اور سٹاف تقرریوں کے لئے تربیت حاصل کرتے ہیں۔ کورس کے شرکا کو سو سے زائد مضامین کے ماہرین کی آرا سے روشناس کرایا جاتا ہے جن میں سول اور ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، سکالرز، وکلا، صنعتکار، سائنسدان، اکنامسٹ اور میڈیا پرسنیل قابل ذکر ہیں۔ کورس کوجامع تعلیمی وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی اساتذہ اور حکمتِ عملی کے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔
 

یہ تحریر 223مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP