پاک چین تعلقات منفرد اورخصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ جنرل قمرجاوید باجوہ
ہمارے تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرتے رہیں گے-
چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کے 95 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف کا خطاب
چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست اور سٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔ چینی سفیر نونگ رونگ
گزشتہ دنوں چائینز پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کے 95 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، چینی سفارتخانے کے حکام سمیت تینوں مسلح افواج کے اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نے پی ایل اے کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر استقبالیہ کی میزبانی پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست اور سٹریٹجک پارٹنرز ہیں، چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی چین میں منعقدہ مشترکہ تعاون کمیٹی نے فوجی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قائم کیا ہے ، جو دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کے فروغ کے لیے موثر طریقے سے کام کرے گا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایل اے کو یوم تاسیسی پر مبارکباد دیتے ہوئے چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا، دونوں ممالک کی افواج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد اور خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔، ،
چینی پیپلز لبریشن آرمی کے یوم تاسیس کے موقع پر مہمان خصوصی جنرل قمرجاوید باجوہ اور چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ نے کیک بھی کاٹا۔
یہ تحریر 306مرتبہ پڑھی گئی۔