پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ۔ جنرل قمر جاویدباجوہ
صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات اور فیکلٹی ممبران کی جنرل ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف سے ملاقات
آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے 173رکنی وفد سے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ میں ملاقات کی۔ وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اوربلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ باصلاحیت اور متحرک ہیں۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس لئے آپ قومی سالمیت اور ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اپنی تعلیم اور کام پر بھرپور توجہ دیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ ملک امن اور استحکام اور بلوچستان کی خوشحالی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتاجبکہ ریاست دشمن عناصر غیرملکی دشمن ایجنسیوں کے تعاون سے پروپیگنڈا کرتے ہیں لیکن نوجوان ان عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور منفی تاثر کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نوجوانوں کو محفوظ اور مستحکم پاکستان دینے کے لئے پرعزم ہے اور تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خطاب میں کہا کہ ہم آہنگی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان ہمارا ملک ہے ہم نے یہیں رہنا ہے اور یہیں جان دینی ہے۔ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ مجھے بلوچستان سے بہت محبت ہے۔ فخر ہے کہ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ بلوچستان میں کئی آرمی پبلک سکولز کھولے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ میں نسٹ کا کیمپس بھی کھولا جا رہا ہے۔
یہ تحریر 483مرتبہ پڑھی گئی۔