ہلال نیوز

پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈکا انعقاد

پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ اس بلند مقام کا سہرا اعلیٰ عسکری تعلیم و تربیت کے سر ہے جو پاک فوج کو باقی افواج سے ممتاز کرتی ہے۔ پی ایم اے کاکول پاک فوج کا وہ (عسکری تعلیم و تربیت) کا ادارہ ہے جس نے اس سرزمین کو ایسے سرفروش دئیے جنہوں نے اپنی جان قربان کرکے دفاعِ وطن کو یقینی بنایا۔

پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ اس بلند مقام کا سہرا اعلیٰ عسکری تعلیم و تربیت کے سر ہے جو پاک فوج کو باقی افواج سے ممتاز کرتی ہے۔ پی ایم اے کاکول پاک فوج کا وہ (عسکری تعلیم و تربیت) کا ادارہ ہے جس نے اس سرزمین کو ایسے سرفروش دئیے جنہوں نے اپنی جان قربان کرکے دفاعِ وطن کو یقینی بنایا۔ گزشتہ دنوںپی ایم اے کاکول میں 137 ویں پی ایم اے لانگ کورس، آٹھویں مجاہد کورس اور 56 ویں انٹیگرٹیڈ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ اس پاسنگ آئوٹ پریڈمیں 31 کیڈٹس فاٹا، 67 کیڈٹس بلوچستان اور 6کیڈٹس سعودی عرب سے بھی شامل تھے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی۔ سینیئر انڈر آفیسر سید حسنین علی کو 137 ویں لانگ کورس کی اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ صدارتی گولڈ میڈل بٹالین سینیئر انڈر آفیسر 137 ویں لانگ کورس عبدالوہاب ملک کو ملا اور اوورسیز گولڈ میڈل کے حقدار سعودی عرب کے اکیڈمی انڈر آفیسر سعود قرار پائے۔ میجر جنرل اختر نواز ستی، کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی اورمسلح افواج کے حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ کیڈٹس کے والدین نے بھی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی قومی ذمہ داری سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور آج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ اس ذمہ داری کی اصل عکاس ہے کہ آج ہم نے 67 کیڈٹس کو بلوچستان سے اور 31 کو فاٹا سے کمشن دیا۔ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اس پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کیڈٹس کے لئے اس دن کو زندگی کا قیمتی لمحہ قرار دیتے ہوئے انہیں اور اُن کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کے لئے بھی مستقبل میں نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اُمید ظاہر کی کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اس تربیت کی تکمیل کے بعد خود کو عملی میدان میں بہتر سے بہترین ثابت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور آرمی آفیسر انہیں دنیا میں ایک مخلص اور عمدہ سپاہی ثابت ہونا ہے۔ آپ کے اطوار اور پیشہ وری کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اس کی پیروی کی جائے گی اس لئے دوسروں کے سامنے آپ بہترین مثال بن کر پیش ہوں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے وہاں موجود حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مکمل طور پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کیا ہے۔تنوع ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد صرف آپریشن نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ ہے اور ایک عزم ہے جس کے تحت ہم نے اپنی سرزمین کو فساد سے پاک کرنا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام خطے بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ تاہم ہماری امن کی خواہش کو ہر گزہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ہماری مسلح افواج الحمدﷲ ہر خطرے اور سرحد پار سے ہر شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو Hybrid War کا سامنا ہے۔ جس کا مقابلہ پوری قوم مل کر ہی کرسکتی ہے۔ انشا اﷲ قومی یکجہتی اور اتحاد سے ہم دشمن کے ہر حربے کو ناکام بنائیں گے۔ میں اس موقع پر یہ کہنا چاہوں گاکہ ہماری مکمل سیاسی اور اخلاقی حمایت جموں اور کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے ساتھ ہے۔ یہ پرامن لوگ ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں اور یہی وقت ہے کہ عالمی برادری، برصغیر کے اس بدقسمت حصے میں امن کے لئے کردار ادا کرے انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان میں قیام امن اور تعمیر نو کے خواہاں ہیں اور اس کے لئے باہمی اور کثیر الجہتی کوششیں جاری رکھیں گے۔ تقریر کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر کیڈٹس اور ان کے خاندانوں کو مبارکباد پیش کی۔

یہ تحریر 595مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP