ہلال نیوز

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا دورہ ایران

گزشتہ دنوں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،جنرل ندیم رضا، نے اسلامی جمہوریہ ایران کا سرکاری دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیس الساداتی ، سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دفاع اور سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان بامعنی اور دیرپا سیکورٹی اور دفاعی تعاون شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔



چیئرمین  جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے ایرانی وزیر دفاع، بریگیڈیئر جنرل محمد رضا غرائی اشتیانی، چیف آف جنرل سٹاف ،میجر جنرل محمد باقری، کمانڈر انچیف اسلامی پاسدارانِ انقلاب گارڈ،میجر جنرل حسین سلامی ، کمانڈر ایرانی بحریہ ،ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی  اور کمانڈرایئر فورس بریگیڈیئر جنرل حامد واحدی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔  ملاقاتوں کے دوران معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کا عہد کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری مشترکہ سرحدیں  امن اور دوستی کی سرحدیں ہونی چاہئیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ مضبوط فوجی اور تزویراتی  تعاون کے حصول اور قومی و بین الاقوامی معاملات پر دونوں ممالک ایک مشترکہ نقطہِ نظر رکھتے ہیں۔ معززین نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
قبل ازیں جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چاق چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
 

یہ تحریر 133مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP