چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کا دورہ
گزشتہ دنوں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کا دورہ کیا۔ ایئر مارشل احمر شہزاد لغاری چیئرمین پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں پی اے سی کی فیکٹریز میں جاری منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کام کی رفتار اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی دفاعی پیداوار میں ایک کلیدی کردار کا حامل ادارہ ہے۔ مزید برآں انہوں نے پی اے سی کی خود انحصاری کی پالیسی اور تمام منصوبوں میں عالمی معیار کے حصول کو بھی سراہا۔
پاک بحریہ کی جانب سے مبارک ولیج میں تیل کی آلودگی کا صفائی آپریشن
گزشتہ دنوں سمندر میں پھیلنے والے تیل اور اس کے باعث ہونے والی آلودگی کے تدارک کے لئے پاک بحریہ نے تین روزہ آپریشن کیا۔ تیل کے اس رسائو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ مبارک ولیج تھا، جہاں مچھیروں کی ایک کثیر تعداد رہائش پذیر ہے۔ تیل کے اخراج سے 1000 میٹر ساحلی علاقہ ، 100 میٹرک تک ساحلی چٹانیں جبکہ 200 سے 300 میٹرک تک پانی بری طرح متاثر ہوا تھا۔
صفائی کے اس آپریشن کو چار مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 100 میٹر ساحلی علاقے کو صاف کیا گیا جہاں سے 2 ٹن کے ریب آلودہ مٹی کو ہٹایا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 100 میٹر کے پتھریلے حصے کو صاف کیا گیا۔ چٹانوں کو تاروں کے برش، کیمیکل کے چھڑکائو اور پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز سے پانی کے سپرے کے ذریعے صاف کیا گیا۔ تیسرے مرحلے میں ساحلی مٹی اور تیل کے ملاپ سے بننے والے تیل کے کیچڑ کو ہٹایا گیا۔ آخری مرحلے میں ساحل کے ساتھ پانی میں تیرتے تیل کو شیل پاکستان کی طرف سے دئیے گئے
Skimmer
، پارکو کی جانب سے فراہم کردہ پانی کے سکشن پمپ
(Suction Pump)
اور جالوں کی مدد سے صاف کیا گیا۔
پاک بحریہ کی ٹیم کے آپریشن کے دوران مقامی گائوں کے افراد نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران سندھ کے وزیر برائے آلودگی روک تھام اور ساحلی ترقی جناب محمود تینور نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
یہ تحریر 667مرتبہ پڑھی گئی۔