ہلال نیوز

آرمرڈکور سنٹر میں ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ

گزشتہ دنوں آرمرڈ کور سنٹر نوشہرہ چھائونی میں ریکروٹس کی تقریبِ حلف برداری اور پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کرنل کمانڈنٹ آرمرڈ کور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار تھے۔پریڈ گراؤنڈ پہنچنے پر ریکروٹس کے چاق چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے جوانوں سے خطاب میں اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنی عسکری تربیت کی تکمیل کے بعد اپنی خدمات کو احسن طریقے سے انجام دیں گے۔انہوں نے کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ تقر یب میں بڑی تعدا د میں ریکروٹس کے والدین ،حاضر اور ریٹائر ڈ آفیسرز، جے سی اوز اور جوانوں نے شرکت کی۔

 

ملٹری کالج جہلم میں یومِ والدین کی تقریب کا انعقاد

گزشتہ دنوں ملٹری کالج جہلم میں یومِ والدین کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں کیڈٹس کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی 
IGT&E 
لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن تھے جو خود بھی ملٹری کالج جہلم سے فارغ التحصیل ہیں۔
تقریب میں کیڈٹس نے ڈرل، جمناسٹک، سکائوٹنگ اور گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کی خاص بات کیڈٹس کی طرف سے تحریک پاکستان پر پیش کیا جانے والا ڈرامہ
(Expose) 
تھا جس نے حاضرین کے دل موہ لئے۔ مزید برآں طلباء نے انڈورکلبز، جیسے فائن آرٹس، ایرو ماڈلنگ، فوٹو گرافی، کیمسٹری اور روبوٹکس 
(Robotics)
کلب میں اپنے فن کی نمائش پیش کی۔ کمانڈنٹ بریگیڈیئر احمد سلمان نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
بعدازاں مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں طلباء کو اس عظیم ادارے کی شاندار روایات کو زندہ رکھنے اور اپنی بھرپور توجہ حصولِ علم پر مرکوز رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے
(رپورٹ: میجر حسان جاوید)

یہ تحریر 529مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP