گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں میران شاہ اور غلام خان کے علاقوں کا دورہ کیا۔ میران شاہ آمد پر وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے میران شاہ میں نئے تعمیر ہونے والے میران شاہ مارکیٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ یہ کمپلیکس پاک فوج کے انجینئرز نے تعمیر کیا ہے جس میں 1344 دکانیں، پارکس، کارپارکنگ، سولر لائٹس، سڑکیں اور واٹر سپلائی نیٹ ورکس شامل ہیں۔ وزیراعظم نے غلام خان میں ٹریڈ ٹرمینل کا بھی افتتاح کیا جو شمالی وزیرستان ٹریڈ کوریڈور کا حصہ ہوگا۔ قبائلی علاقوں میں تعمیر ہونے والے یہ نئے ٹریڈ ٹرمینل اور مواصلاتی ڈھانچے، مارکیٹ کمپلیکس کو ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر سی پیک سے ملا دیں گے۔ اس طرح قومی و علاقائی تجارتی راہداریوں سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جس سے علاقے میں معاشی خوشحالی اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے لئے یہ معاشی، سماجی پراجیکٹس صرف آغاز ہیں جبکہ اس طرح کے کئی ایک منصوبے ابھی پائپ لائن میں موجود ہیں۔ جن پر مزید
پیش رفت ہورہی ہے۔ وزیراعظم نے قبائلیوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر متزلزل معاونت پر اُن کی تعریف کی جس کی بدولت ان علاقوں سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ اس دورے کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا، وزرائ، سینیٹرز اور کمانڈر پشاور کور بھی موجود تھے۔
یہ تحریر 584مرتبہ پڑھی گئی۔