لاہورمیں پاک فوج کے زیراہتمام دوسری انٹرنیشنل پیسز چیمپیئن شپ منعقد ہوئی۔ چیمپیئن شپ میں میزبان پاکستان کے علاوہ دیگر دوست ممالک کی آرمی ٹیموں نے شرکت کی۔ جن میں کویت،متحدہ عرب امارات ، برطانیہ ، چائنا،مالدیپ ،سری لنکا، بحرین، نیپال، نائیجریا، ملائشیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ مصر، اٹلی، میانمار، روس، ترکی، تاجکستان اور ازبکستان نے ان مقابلوں میںبطور ابزرور حصہ لیا۔ٹیموں کے مابین پش اپس ، سِٹ اپس ، چن اپس اور جنگی مہارت کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔
پل اپس
چیمپیئن شپ کے پہلے روز پاکستانی سولجرز کا پلڑا بھاری رہا۔پل اپس کی پہلی پانچ پوزیشنز پاک آرمی کے جوانوں کے نام رہیں جبکہ غیرملکی سولجرز میں سری لنکااور چائنا کے سولجرز نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
3.2 کلومیٹر ریس
انٹرنیشنل پیسز چیمپیئن شپ کے دوسرے روز 3.2 کلومیٹر ریس میں یواے ای ، سری لنکا اور پاکستانی اتھلیٹ نمایاں رہے ۔ریس میں 288ملکی و غیر ملکی اتھلیٹس نے حصہ لیا۔پیسز میں منعقدہ ریس یواے ای کے عبید محمدنے جیت لی۔ یو اے ای کے فاتح اتھلیٹ نے 3.2کلومیٹر فاصلہ 9منٹ 26سیکنڈمیں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ کے محمد نہلکو 11سیکنڈز کے فرق سے دوسرے اور پاکستان کے نجم الحسن 22 سیکنڈز کے فرق سے تیسرے نمبر پر رہے۔
سِٹ اپس
دوسری انٹرنیشنل پیسزچیمپیئن شپ کے تیسرے روزقوم کے بہادر سپوتوں نے اپنی فٹنس اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور سِٹ اپس مقابلوں میں پہلی تینوں پوزیشنز اپنے نام کیں ۔ایوب سٹیڈیم لاہور میں جاری ایونٹ کے سِٹ اپس مقابلوں میں پاک آرمی کے محمد رضوان نے30منٹ میں 2294سیٹ اپس لگا کر پیسیز کاریکارڈ قائم کیا۔
پش اپس
چیمپیئن شپ کے چوتھے روز پاکستانی سولجرز نے اپنی بے مثال فٹنس کی بدولت نئے عالمی ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ پاک فوج کے سپاہی شوکت علی نے 30 منٹ میں 1859 پش اپس لگا کرپہلی پوزیشن حاصل کی۔ چائنا کے سولجر ہوروئی روئی 1760 پش اپس لگا کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ تیسری پوزیشن سری لنکا کے سنیری رتھن کے حصے میں آئی جنھوںنے 1681 پش اپس لگائے۔
جنگی مہارت کے مقابلے
ایونٹ کے چھٹے روز جنگی مہارت کے مقابلوں میں پاک آرمی کے جوان غفور نے چائنا کے ہوانگ لی کا 50.4سیکنڈز کا ریکارڈبریک کرکے 46.72 سیکنڈز کا ریکارڈ قائم کیا۔
منی میراتھن ریس
چیمپیئن شپ کے ساتویں روز پیسز کے سب سے کلرفل ایونٹ منی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں 8ہزار سے زائد شرکاء کے مابین 12مختلف کیٹیگریز میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔
اختتامی تقریب
چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب ایوب سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ پہلی تینوں پوزیشنز پاک فوج کے حصے میں آئیں۔پاک آرمی آرٹلری سینٹر کے محمد بلال 4749پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور اظہرعلی 4102پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ تیسری پوزیشن کے حقدارایس ایس سی سینٹر کے شاہد کریم قرار پائے۔ انہوں نے 4099پوائنٹس حاصل کئے۔
غیرملکی سولجرز میں یواے ای کے عبید محمد عبیدنے 3.2کلومیٹر ریس میں نیا ریکارڈ بنایا۔عبید کو مقررہ فاصلہ 9 منٹ 26سیکنڈ میں طے کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔چائنا کے سیکنڈ لیفٹنٹ ژہاو، سپاہی ہوروئی روئی اور سپاہی وانگ چیانگ چیمپیئن شپ کے سپر فٹ اتھلیٹ قرارپائے۔پش اپس کیٹیگری میں سونے اور پل اپس میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے چائنا کے ہوروئی روئی نے سپر فٹ اتھلیٹ کا انفرادی اعزاز حاصل کیا۔چائنا کے سیکنڈ لیفٹیننٹ ژہاو نے جنگی مہارت میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔چین کے وانگ چیانگ چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔انفرادی دوڑ کے مقابلوں میں سری لنکن سولجرز نے پہلی پانچ پوزیشنز اپنے نام کیں ۔3.2کلومیٹر ریس میں سپاہی چامارا کمارا نے پہلی ،وجے وکرما نے دوسری ، سمن کمارا نے تیسری، بریگیڈیئر باندرا نے چوتھی اور بریگیڈیئرویلی کیلا نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔
(رپورٹ ۔ اشفاق مغل)
یہ تحریر 553مرتبہ پڑھی گئی۔