زشتہ دنوں وزیر اعظم جناب عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ کے ہمراہ میران شاہ ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اِ س موقع پر انہیں سکیورٹی صورتحال ، استحکام کے لئے جاری آپریشز، معاشی و معاشرتی پراجیکٹس اور ٹی ڈی پیز کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے غلام خان ٹرمینل ، بارڈر باڑ کا معائنہ کیا اور میران شاہ کے مقامی عمائدین سے خطاب بھی کیا۔اِس موقع پر وفاقی و صوبائی وزرائ، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختوخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی ، مشکل حالات کا سامنا کرنے پر فاٹا، خیبرپختونخوا کے عوام کی تعریف کی اور کہا کہ فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور قبائلی عوام جنگ کے دوران مشکل حالات سے گزرہے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ دیگر ممالک اور ان کی افواج نہیں کرسکیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ ہم نے اپنے ملک کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ، اب پرائی جنگ اپنے ملک میں نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا سرحد پار بالخصوص افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔ افغانستان میں امن پاکستان میں دائمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ افغانستان میں امن کے لئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے شہداء اور اُن کے لواحقین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان اور عوام کے تحفظ کی خاطر قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر فاٹا میں قائم نئے اضلاع کے لیے صحت، تعلیم ، روزگاراور انتظامی منصوبوں پر مشتمل سماجی ترقی کے بڑے پیکج کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے تمام صوبوں کی جانب سے این ایف سی کاتین فیصد حصہ ختم ہونے والے اضلاع کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کے لئے بلدیاتی اور صوبائی
انتخابات کا جلد انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اصلاحات کے تحت لیویز، خاصہ دار فورس کے تمام خدشات دور اور جاب سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ فوری انصاف کے لئے تنازعات کے حل کی کونسل کا نظام اور تمام مسائل مشاورت سے حل کرنے، ضلع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں الگ الگ میڈیکل کالج و ہسپتال ، ضلع شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی ، آرمی کیڈٹ کالج قائم کئے جائیں گے۔ مقامی افراد کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء اورسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کے لیے ٹیلی میڈکس سسٹم قائم کیا جائے گا۔ قطر کی طرف سے اعلان کردہ نوکریوں میں حصّہ دینے کے ساتھ ساتھ پولیس، فرنٹیئر کورمیں بھی ضم ہونے والے اضلاع کا سپیشل کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں موبائل فون سروس کی بحالی، گھر بنانے کے لئے قرضے کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج میں مساجد میں سولر پینلز کی تنصیب، نادرا کے سہولت سنٹرز کا قیام، سود سے پاک قرضوں کی فراہمی ، کھیل کے میدانوں کی تعمیر اور کمپیوٹرز کی فراہمی بھی شامل ہے۔
یہ تحریر 635مرتبہ پڑھی گئی۔