قومیں اپنے نظریے سے پہچانی جاتی ہیں۔ نظریے سے جُڑے رہنے والی اقوام ہمیشہ دوام پاتی ہیں۔پاکستانی قوم بھی ایسی ہی ایک قوم ہے جو ہر لحظہ وطنِ عزیز اور اپنی اساس کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہے۔قیامِ پاکستان کے اوائل ہی سے پاکستانی قوم کو اَن گنت چیلنجز کا سامنا رہا ہے جن کا پوری قوم نے مردانہ وار مقابلہ کیا ہے۔گزشتہ دو دہائیوں سے درپیش دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے بھی یہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیںکیا۔ آج الحمدﷲبطورِ ایک ریاست کے وطن عزیز دہشت گردی ایسے آسیب پر کافی حد تک قابو پاچکا ہے۔ اِکا دُکا واقعات درپیش آئیں بھی تو اُن کا جرأت سے مقابلہ کیا جاتاہے۔ یوں ہماری مسلح افواج اور ہماری قوم کا ایک ایک فرد قابلِ ستائش ہے کہ ہر کسی نے اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے درپیش مشکلات پر قابو پایا ہے اور آج کا پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ متعین کرچکا ہے۔
ریاست کے سامنے واضح مقاصد اور اہداف ہیں، جن کا حصول پوری قوم اور اداروں نے مل کر یقینی بنانا ہے۔ آئی ایس ایف سی کے وژن کے تحت پاکستان کی معاشی و اقتصادی بحالی، معدنی ترقی، توانائی اور ڈیجیٹل سیکٹر سمیت متعدد شعبوں میں بہتری کے لیے پُرعزم انداز سے آگے بڑھنا ہے اور ان شعبوںکو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ ماہِ نومبر مصورِ پاکستان ،شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمداقبال کی ولادت کا مہینہ بھی ہے جن کی شاعری من حیث القوم ہمارے لیے رہنمائی کا باعث ہے۔ ان کی شاعری ہمیں بتاتی ہے کہ قوم کی تقدیر افراد کے ہاتھوں میں ہوا کرتی ہے اور قوم کا ہر ایک فرد چاہے وہ کسی بھی حیثیت اور مقام میں خدمات انجام دے رہا ہو، قوم کی تقدیر بنا رہا ہوتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم باہمی منافرت اور تفرقات کو یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ رد کرتے ہوئے ملک میں مثبت روایات کی آبیاری کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہماری مسلح افواج کے سپوت جن میں افسران اور جوان سبھی شامل ہیں، آئے روز دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔ لیکن وطن کی بقاء پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیتے۔ زندہ قومیں اپنے شہداء کی تکریم کو ہمیشہ یقینی بناتی ہیں اور ان کے تقدس پر کوئی داغ نہیں لگنے دیتیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھی بار ہا اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے اور پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ لہٰذا یہ امر واضح ہے کہ ہماری قومی قیادت پاکستان کے دفاع ، قیامِ امن اور ملک کی معاشی ، اقتصادی اور دیگر معاملات کی بحالی اور استحکام کے لیے قوم و ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔ الحمدﷲ پاکستانی عوام ہمیشہ سے ہراُس اقدام کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں جو اس پاک دھرتی کو مضبوط خوشحال اور توانا بنانے کے لیے اٹھائے جاتے ہیں۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملّت کے مقدر کا ستارا
پاکستان ہمیشہ سلامت رہے! ||
یہ تحریر 162مرتبہ پڑھی گئی۔