متفرقات

گھریلو ٹوٹکے

منہ کے چھالے منہ‘ حلق اور زبان پر کسی بے احتیاطی کی وجہ سے چھالے ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے مریض کھانے پینے سے محتاج ہو جاتا ہے۔ یہ ایک تکلیف دہ بیماری ہے۔ ڈاکٹر کی گرم دوائیاں اکثر مرض میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ ایسے وقت میں دیسی علاج بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ ذیل میں چند گھریلو نسخے اور چٹکلے تحریر کئے جا رہے ہیں۔ لیموں: لیموں کو گرم پانی میں نچوڑ کر غرارے کریں‘ چھالوں کو ٹھیک کرنے کے لئے لیموں کا زیادہ استعمال کریں۔ پھٹکری: تھوڑی سی پھٹکری پانی میں حل کر کے اس کے غرارے کریں‘ چھالوں کے لئے بے حد مفید ہے۔ سونف: جن حضرات کو اکثر منہ کے چھالوں کی بیماری ہو جاتی ہے۔ وہ کھانے کے بعد تھوڑی سی سونف چبا لیا کریں۔ اس سے منہ میں چھالے نہیں ہوں گے۔ ٹماٹر: جن لوگوں کو چھالوں کو عارضہ رہتا ہے انہیں ٹماٹر کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے چھالوں کے لئے ٹماٹر دوا کا کام دیتاہے۔ شہتوت: منہ کے چھالوں کو ختم کرنے کے لئے شربت شہتوت ایک کپ پانی میں ملا کر استعمال کرنے سے فائدہ پہنچتا ہے۔ مرچ سیاہ: 15گرام کالی مرچ اور 30گرام کشمش ملا کر چبانے سے منہ کے چھالے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ مہندی: مہندی کے پتوں کو پانی میں بھگو کر اس پانی سے غرارے کریں چھالے صحیح ہو جائیں گے۔ کیلا: زبان پر چھالے بننے کے بعد ایک کیلا گائے کے دودھ کے ساتھ صبح سویرے استعمال کریں چھالے صحیح ہو جائیں گے۔ ہلدی: 15گرام پسی ہوئی ہلدی ایک کلو پانی میں اُبالیں صبح و شام اس پانی سے غرارے کریں۔ انشاء اﷲ منہ حلق اور زبان کے چھالے بالکل ٹھیک ہو جائیں گے۔ گھریلو نسخے آسان بھی ہیں اور سستے بھی ان کا استعمال مضر اثرات سے پاک ہے۔ آپ بھی ان پر عمل کر کے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں ۔ ہچکی کے لئے عام طور پر ہچکی بدہضمی کی صورت میں ہوتی ہے۔ کبھی کبھی یہ مرض خطرناک صورت بھی اختیار کر لیتاہے۔ اعصابی خرابی میں یہ مرگی‘ دماغی ورم او ر ہیسٹریا مرض کی علامت بھی ثابت ہوتا ہے۔ ہچکی عموماً گردوں کی خرابی یا پیشاب میں خون کے نقص کی اچانک سکڑن سی آ جاتی ہے۔ جس کے سبب ہچکی آنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ علاج کے ابتدائی نسخے شہد: عرق پیاز میں شہد ملا کر چاٹیں ہچکی بند ہو جائے گی صرف شہد بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ دودھ: نیم گرم ایک گلاس دودھ کا استعمال بھی ہچکی کو بند کرنے میں معاون کردار ادا کرتا ہے۔ گڑ: پرانا گڑ اور سونٹھ کو پیس کر ملا لیں۔ ہچکی کے مریض کو سنگھائیں‘ ہچکیاں بند ہو جائیں گی۔ پودینہ: ہچکیاں بند نہ ہوں تو پودینے کے پتوں پر چینی ڈال کر چبائیں‘ ہچکیاں بند ہو جائیں گی۔ پیاز: پیاز کی قاشیں بنا لیں اور اس میں نمک ڈال کر کھانے سے ہچکیاں بند ہو جائیں گی۔ مولی: مولی کے پتے کھانے سے بھی ہچکیاں آنا بند ہو جاتی ہیں۔ سبز الائچی: سبز الائچی کو چبانے سے بھی ہچکیوں کا جاری عمل فوری بند ہو جاتاہے۔

پاک فوج کے نام

ہے ہم کو قسم اس دھرتی کی ہم اس کی شان بڑھائیں گے

ہم دھرتی کے رکھوالے ہیں ہم اس پر جان لٹائیں گے

ہے جان ہتھیلی پر اپنی سرشار ہیں شوق شہادت سے

برباد کریں گے دشمن کو ایمان کی پوری طاقت سے

ہم موت کے رستوں سے ہر دم بے خوف گذرنے والے ہیں

ہے موت ہماری محبوبہ کب موت سے ڈرنے والے ہیں

ہم دیس کے ذرے ذرے سے اس درجہ محبت کرتے ہیں

اللہ کی قسم ہم جان سے زیادہ اس کی حفاظت کرتے ہیں

جو عزت ہے جو عظمت ہے جو چہروں پہ رعنائی ہے

جو عزت ہم نے پائی ہے اس دیس کے صدقے پائی ہے

قربان کریں گے تن من دھن سب اس کے قرض چکائیں گے

ہم جان وطن پر واریں گے ہم اس کی آن بچائیں گے

منشی منظورؔ

یہ تحریر 25مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP