ہلال نیوز

کوئی بھی پیشہ ور فوج تعداد اورساز و سامان کی قلت کو اپنے  عزم و ہمت اور بہتر تربیت سے متوازن کر سکتی ہے۔ ائیر چیف 

''پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ اس بات کی غماز ہے کہ کوئی بھی پیشہ ور فوج تعداد اورساز و سامان کی قلت کو اپنے عزم و ہمت اور بہتر تربیت سے متوازن کر سکتی ہے۔'' ان خیالات کا اظہارسربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلنس میں منعقدہ 53 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے  اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی  شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا، ''عصر حاضر میں درپیش چیلنجز اور ان سے منسلک حکمت عملی سے اچھی طرح آگاہ ہوکر ہی ہم پاک فضائیہ میں بہترین عسکری تربیت کے حصول کو ممکن بنا سکتے ہیں۔'' انہوں نے مزید کہا کہ'' پیشہ ورانہ مہارت اور سچی لگن کے ساتھ ساتھ بہترین نظم و ضبط اورکامریڈ شپ پاک فضائیہ کے نصب العین کی مؤثر تکمیل کے لئے ضروری ہیں۔ 
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے گریجویٹ ہونے والے افسران میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔ کمبیٹ پائلٹس میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر محمد شفاعت نے حاصل کی۔ جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز میں بہترین کارکردگی کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈر جولیس جوزف نے حاصل کی۔پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈر ز کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔



 

یہ تحریر 45مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP