ہلال نیوز

پاک آرمی فری میڈیکل کیمپ

گزشتہ دنوں پاک آرمی نے گلگت  بلتستان کے ضلع کھرمنگ کے گائوں  گراخ بالااور غویس گائوں میں 2 دن پر محیط مفت طبی کیمپ کے دوران 1500 سے زائد مریضوں کوطبی امداد فراہم کی۔
اس کیمپ میں پاک فوج کی میڈیکل کور کے 26اہلکار شامل تھے، جن میں جنرل فزیشن، میڈیکل سپیشلسٹ، سرجیکل سپیشلسٹ اور ڈینٹل سرجن شامل تھے۔ آرمی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس نے 1500 مریضوں کو ضروری طبی علاج فراہم کیا، جس میں 49 معمولی سرجری، 150دانتوں کے کیسز اور 98  لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے۔ علاقے کی بیوائوں اور یتیموں میں راشن پیک کی تقسیم کے علاوہ ، غویس گائوں کے پرائمری اور مڈل سکولوں اور گراخ بالا گائوں کے پرائمری سکول اور سول ڈسپنسری کو فرسٹ ایڈ باکس عطیہ کئے گئے۔ غویس، گراخ بالا اور باگھیچا گاؤں کی سول ڈسپنسریوں اور غویس گائوں کے مڈل سکول کو مفت ادویات کے ساتھ ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک بھی تقسیم کئے گئے۔ مقامی لوگوں کے لئے بیماریوں سے بچا ئو، ذاتی حفظان صحت اور دانتوں کی صفائی کے بارے میں آگاہی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں 163 افراد نے شرکت کی۔ضلع کھرمنگ کے محکمہ صحت نے مفت میڈیکل  کیمپ کے قیام میں پاک آرمی میڈیکل کور کی بھر پور مدد کی۔ 
مفت میڈیکل کیمپوں کا بنیادی مقصد علاقے میں صحت کی مفت نگہداشت اور صحت کی مفت معلومات پہنچانا تھا تاکہ صحت سے متعلق عام مسائل کی نشاندہی کریں اور ان سے نمٹنے کے طریقے وضع کریں۔ ایسے ذمہ دارانہ پروگراموں کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے کے لئے بہت ساری لاجسٹک سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان آرمی اپنی مسلسل آپریشنل مصروفیات کے ساتھ ساتھ ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے ان کیمپوں کا اہتمام کرتی ہے۔



    
 

یہ تحریر 72مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP