چیف آف آرمی سٹاف کا بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے گوٹھ صدوری، لاکھڑا، لسبیلہ میں قائم فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپس کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں کی خیریت دریافت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور مصیبت زدہ مردوں، خواتین اور بچوں کی خدمت میں ان کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پرانہوں نے کہا ''ہمارے ملک کے لوگوں کی حفاظت اور فلاح سب سے پہلے آتی ہے اور ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ سیلاب سے متاثرہ ہر ایک فرد تک نہ صرف پہنچا جائے بلکہ اس کی بحالی نہ ہو جائے، اس کے لئے چاہے کتنی ہی کوشش کیوں نہ کی جائے۔ پاکستانی عوام ہماری ترجیح ہے اور ہم اس مشکل وقت میں ان کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔'' آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف ، لوگوں کی بحالی اور انفراسٹرکچر کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا ہمیں ہر حال میں اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں تک پہنچنا چاہیے اور اس قدرتی آفت پر قابو پانے میں ان کی مدد کرنی چاہیے۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبہ سندھ کے خیرپور اور قمبر شاہداد کوٹ کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ آرمی چیف نے پورا دن سیلاب زدگان کے ساتھ گائوں جیلانی، خیرپور اور قمبرشاہداد کوٹ میں مقامی آبادی کے لیے قائم کیے گئے امدادی اور طبی کیمپوں میں گزارا۔ خیرپور اور قمبر شاہداد کوٹ کے سیلاب متاثرین نے ان تک پہنچنے اور ان کی دادرسی کرنے پرچیف آف آرمی سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کی ان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے زور دے کر کہا پاکستان کے ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا ایک عظیم مقصد ہے اور ہمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ان کی خدمت کرنے پر فخر محسوس کرنا چاہیے۔
یہ تحریر 400مرتبہ پڑھی گئی۔