قومی و بین الاقوامی ایشوز

وزیرستان کے محاذپر پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑنے والے سپاہ کے نام قوم کا پیغام

یہ پاکستان کی سرزمین کو پاکستان دشمن عناصر سے واگزر کرانے کی کوشش ہے اس میں کامیابی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے چنانچہ اس کو کامیاب ہونا چاہیے اور ہر صورت میں کامیاب ہونا چاہیے۔

منو بھائی

 

اے ضربِ عضب کے پاسبانو

 

اے ملت اسلام کے پروانو

اے پاک فوج کے بے باک نوجوانو دیکھو ہم نے تمہارے لئے دعاؤں کے آنچل بچھا رکھے ہیں۔ جب تک تم پالیسیوں کا صفایا کرتے رہو گے ہم مصلے پر بیٹھے رہیں گے اور اس یقین کے ساتھ کہ تمہی ہو‘ جو پیارے وطن کو تخریب کاروں سے پاک کرو گے۔ ہمارے اک اک سانس کہہ رہی ہے جگ جگ جیو‘ جگ جگ جیو۔

مسرت کی وہی تمہید ہوگی

 

میسر جب تمہاری دید ہوگی

 

تم آؤ گے تو اپنی عید ہوگی

 

تم آؤ گے تو اپنی عید ہوگی

 

(بشریٰ رحمن)

 

آپریشن ضرب عضب میں ہماری اعلیٰ روایات کے حامل افواج کے افسر اورجوان جس قوتِ ایمانی اور سرفروشی اور مردانگی کا ثبوت دے رہے ہیں وہ دراصل ملکی بقاء کے لئے ایک تاریخ رقم کررہے ہیں۔ پوری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے اور دونوں ہاتھ ان کی فتح یابی اور کامرانی کے لئے اُٹھے ہوئے ہیں۔ اﷲ کی

رحمتیں ان پر سایہ فگن ہیں اور شہادت کی خوشبو سے حیات نو کا چمن کِھل اُٹھا۔

 

(الطاف حسن قریشی)

 

 

مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔ اصل موت ہی شہادت ہے۔ جب مجھے اپنے بیٹے کی شہادت کی خبر ملی تو میں رنجیدہ ہونے کی بجائے میرا سر فخر سے بلند ہوگیا اولاد کی موت والدین کی کمر توڑ دیتی ہے لیکن مجھے بیٹے کی شہادت پر جو حوصلہ ملا ہے اﷲ تعالیٰ کی طرف سے مجھے یقین ہے کہ شہادت ہی اصل مقام ہے میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ پاک فوج کو ضربِ عضب کے محاذ پر بھی کامیاب کرے آمین

 

(فتح خان مری والد۔ لیفٹیننٹ جہانگیر مری شہید)

 

 

 

رمضان کے بابرکت مہینے میں جاری پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کے لئے پانچ وقت کی نماز میں اﷲ تعالیٰ سے دعا گو رہتا ہوں کہ اﷲ رب العزت افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کی حفاظت اور انہیں کامیابی عطا فرمائے۔ وہ لوگ جو صحیح راستے سے بھٹکے ہوئے ہیں اﷲ تعالیٰ انہیں حق کے راستے پر چلنے کی توفیق دے ورنہ ان کا نام و نشان صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔ شمالی وزیرستان میں حالت جنگ میں اپنے فوجی بھائیوں کو ہر لمحہ سلام پیش کرتا ہوں اور یہ بھی دعا کرتا ہوں کہ ملک و قوم ہمیشہ ترقی کی راہ پر گامزن رہیں۔

(عبدالقادر‘ سابق کرکٹر)

 

 

آپریشن ضرب عضب میں شریک تمام بہادر فوجیوں کوسلام پیش کرتی ہوں ، ان کی جوانمردی کی بدولت مجھ سمیت پوری قوم سکون کی نیند سوتی ہے ، وطن عزیز پر جب بھی مشکل وقت آیا ہماری بہادر فوج نے آگے بڑہ کر حالات کو سنبھالا اور قوم پر آنچ نہیں آنے دی ، ہماری فوج اسلام ، پاکستانیت اور انسانیت کی محافظ ہے ، قوم کے بہادر سپوتوں کیلئے یہی کہوں گی کہ ’’ ایں پتر ہٹاں تے نہیں وکدے ‘‘ میری دعاہے کہ اللہ پاک ہماری فوج کے وقار کو بلند رکھے اور انہیں تمام آپریشنز میں کامیابی عطا کرے ۔

 

(ریشم‘ اداکارہ)

 

 

 

ہم پاک فوج کی ہمتوں‘ خواہشوں اور قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔ اس وقت وہ ہمارے ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے اور ہماری آنے والی نسلوں کو ایک پرامن پاکستان دینے کے لئے ایک عظیم مشن پر گامزن ہیں۔ اس وقت اُن کو اور آئی ڈی پیز کو پوری قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک قوم بن کر اُن

کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

 

(علی ظفر‘ گلوکار/ ادارکار)

 

 

 

آپریشن ضربِ عضب میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنے والے ہر فوجی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور انہیں اس بہادری اور شجاعت کے عملی مظاہروں پر سلام پیش کرتا ہوں۔ پاک فوج نے مشکل وقت میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا بڑا اور اچھا فیصلہ کیا۔ مجھے افواج پاکستان کے جانباز سپاہیوں پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ اس جنگ میں فتح سے ہمکنار ہوں گے۔ پاک فوج کے لئے ایک بڑا امتحان تب بھی آئے گا جب آپریشن مکمل ہونے پر آئی ڈی پیز واپس اپنے گھروں کو

لوٹیں گے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ پاک فوج اس امتحان میں بھی سرخرو ہوگی۔

 

(نعمان اعجاز‘ اداکار/ اینکر پرسن)

 

آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے اپنے فوجی بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ، ہمیں ہروقت ہر لمحہ اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرناچاہیے کیونکہ وہ اپنے آرام و سکون کو قربان کرکے ہمیں سیکورٹی فراہم کرتے ہیں دن ہو ، رات ہو ، پہاڑ ہوں ، جنگل ہوں ، صحرا ہو ، طوفان آئے ، زلزلہ آئے یا کسی جگہ سیلاب کی آفت آئے سب سے پہلے پاک آرمی آگے آتی ہے ۔ ہم سب کو اپنی آرمی کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ میں جب بھی کسی فوجی کو ملتا ہوں تو سلیوٹ کرتا ہوں چاہے وہ کوئی سپاہی ہو یا ایک جنرل میرے لئے سب برابر ہیں کیونکہ وہ پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ، اس دھرتی کیلئے اپنا لہو دیتے ہیں انکی تعظیم ہم سب پرلازم ہے ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے میری دعائیں پاک آرمی کے ساتھ ہیں ، اللہ پاکستان کو امن کا

گہوارہ بنادے ۔

 

(جاوید شیخ‘ اداکار)

 

اگرچہ کہا جاتا ہے کہ جو کام اپنے صحیح وقت پر شروع ہو وہ زیادہ بارآور ثابت ہوتا ہے۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس بحث سے قطع نظر کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری فوج کو اس سے کچھ پہلے سرگرم ہونا چاہئے تھا یہ امر واقعہ ہے کہ جس دلیری‘ تدبر‘ بہادری اور پوری قوم کی دعاؤں کے ساتھ ہماری بہادر افواج نے اس آپریشن کو شروع کیا اور آگے بڑھایا ہے وہ یقیناًلائق تحسین ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ انشاء اﷲ ہماری فوج ان تمام اہداف کو بھرپور طریقے سے حاصل کرے گی جس کے لئے یہ آپریشن ترتیب دیا گیا ہے۔

 

(امجد اسلام امجد)

 

 

مجھے خوشی ہے کہ پاک فوج نے یہ قدم اٹھایا۔ ’’آپریشن ضربِ عضب‘‘ وقت کی ضرورت بن چکا تھا۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی پر اپنی جانوں کو قربان کیا۔ دہشت گردی کے باعث ملکی حالات بہت خراب ہوگئے ہیں جس کے باعث عام آدمی کی زندگی پر بہت بُرے اثرات پڑے ہیں۔ دہشت گردوں نے نہ صرف ملکی سلامتی کو نقصان پہنچایا بلکہ عوام کے اندر معاشی بدحالی کی وجہ بھی بنے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاک فوج ہمیں اس لعنت سے چھٹکارا دلائے گی اور ہماری زندگیاں پھر سے معمول پر آجائیں گی۔

 

(اقبال احمد خان۔سابق سرکاری ملازم)

 

 

پاک فوج نے ہمیشہ ملک کو درپیش مشکل حالات سے نکالا ہے۔ بحیثیت قوم ہر مشکل گھڑی میں ہماری ساری امیدیں پاک فوج سے وابستہ ہوتی ہیں۔ گزشتہ ایک عشرے سے زائد عرصے میں دہشت گردی نے لوگوں سے ان کا سکون چھین لیا ہے۔ کاروبار ماند پڑ گئے ہیں۔ اس کے باعث سرمایہ دار اپنا سرمایہ ملک سے باہر لے جارہے ہیں ہم جیسے چھوٹے درجے کا کام کرنے والے افراد بدترین معاشی حالات کا سامنا کررہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ’’آپریشن ضربِ عضب‘‘ کی کامیابی کے بعدنہ صرف امن و امان کی صورت حال بہترہوگی بلکہ معاشی بحران بھی کم ہو جائے گا۔

 

(محمد امجد ڈرائیور)

 

 

پاکستانی ہونے کے ناطے پاک فوج اور پاکستان سے محبت ہمارا فطری جذبہ ہے ’’آپریشن ضربِ عضب‘‘ کا فیصلہ پاک فوج نے صبر کے پیمانے کے لبریز ہونے پر کیا۔ ہم عوام الناس اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ سول اور عسکری اداروں نے ہر ممکن حد تک پُر امن کوششوں سے امن کی بحالی چاہی مگر اب ہم خود کہتے ہیں کہ اب وقت اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا ہے۔ ہم یہی دعا کرتے ہیں کہ پاک فوج اپنے مقصد میں سرخرو ہو ہمیں پاکستانی شہری ہونے کے ناتے پورا یقین ہے کہ ہمارے بازاروں‘ محلوں ‘گلیوں اور شہروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔

 

(شیخ عمر۔ دکاندار)

 

شیخ محمداقبال کپڑے کے تاجر ہیں ’’آپریشن ضربِ عضب‘‘ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ترقی اور پاکستانی بقا میں پاک فوج کے کردار کو کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس قدر شدید گرمی میں فوجی جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں‘ تو اس کے پیچھے ملکی دفاعی اور ہم وطنوں فلاح کا جذبہ کار فرما ہے۔ حالات چاہے کیسے بھی ہو جائیں ہم پاکستان کا دفاع کرنے والی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور اپنی بہادر فوج کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 

(شیخ محمد جمال ۔تاجر)

 

 

پاک فوج دنیا کی نمبر ایک فوج ہے جوجذبۂ ایمان سے سرشار ہو کر دفاعِ وطن کے لئے سردھڑ کی بازی لگائے ہوئے ہے۔ وہ ہمارے آرام کی خاطر اپنا آرام اور اپنی نیندیں قربان کئے ہوئے ہے۔ پاک فوج اپنے مفاد کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پوری قوم کو چاہئے کہ مشکل کی اس گھڑی میں یک جہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ فوج خود کو اکیلے محسوس نہ کرے۔

 

(شرجیل احمد مٹھائی فروش)

 

 

ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا تھا۔ لوگوں کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے۔ ایک غریب آدمی کے لئے اپنے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہے۔ وزیرستان میں پاک فوج نے آپریشن ضربِ عضب کا فیصلہ کرکے نہایت اچھا قدم اٹھایا ہے۔ امید ہے کہ اس سے پاکستان میں خوف اور بے یقینی کی فضا ختم ہو جائے گی۔ لوگوں کو بہتر انداز میں کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس مرحلے پر ہم تمام لوگ پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ اگر ضرور پڑی تو ہمارے مال کے ساتھ ساتھ جان بھی حاضر ہے۔

 

(احمد خان ۔پھل فروش)

 

 

دہشت گردوں کی سرکوبی کا فیصلہ بہت اچھا اقدام ہے۔ ہم تمام تاجر برادری اس کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ ہمارے وہ بہادر فوجی جوان جو اس وقت وطنِ عزیز کے دفاع کا مقدس فریضہ انجام دے رہے ہیں وہ مشکل کی اس گھڑی میں خود کو اکیلے نہ سمجھیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ اس وقت اگر ہم آزاد وطن کی آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں تو اس کا سہرا بھی پاک فوج کے جوانوں کے سر ہے۔

 

(مضرف خان۔ دودھ دہی فروش)

 

 

پاک فوج نے آپریشن ’’ضربِ عضب‘‘ کا فیصلہ کرکے نہایت احسن اقدام اٹھایا ہے۔ ان حالات میں ملک کو اس قسم کے آپریشن کی ضرورت تھی۔ دہشت گردوں نے ملک کا سکون تباہ کرکے رکھ دیا تھا۔ اگر ملک میں خوف کی فضا ہوگی اور سکون نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔ اس لئے پوری قوم کو بھی فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ پاکستانی قوم زندہ ہیں۔

 

(شیخ احمد ۔جوتا فروش)

 

 

شہدائے وطن

 

دھرتی کو خون دے کے روشن کیا ہے نام

 

کہتے ہیں دِل سے تم کو اہلِ وطن سلام

 

باغِ بہشت میں اب زندہ رہو گے دائم

 

رب نے عطا کیا ہے ارفع تمہیں مقام

 

اوجِ فلک پہ تم نے لہرایا سبز پرچم

 

کے۔ٹو کی چوٹیوں سے اُونچا ملا مقام

 

حور و ملائکہ بھی عظمت کے گیت گائیں

 

پایا ہے دوجہاں میں تم نے بڑا مقام

 

تم کو ثواب دائم ایصال ہم کریں گے

 

درجات یونہی اعلیٰ پاؤ گے تم مدام

 

یہ خاکی وردی والے ہیں کرتے تمہیں سلام

 

آج کی یہ شام ہیں کرتے تمہارے نام

 

اُٹھا کے ہاتھ اطہر دعا یہ مانگتا ہے

 

باغِ اِرم میں دائم تمہارا رہے قیام

 

لیفٹیننٹ کرنل (ر) میاں محمد جمیل اطہر

یہ تحریر 37مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP