ہلال نیوز

ضربِ حدید مشقیں

پاک فوج گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے مسلسل قربانیاں دے رہی ہے۔اس کاوش میں عوام کا مکمل تعاون،بے مثال لیڈر شپ،جوانوں کی انتھک محنت اور جذبہ شامل ہے۔ مغربی سرحد پر ہونے والی اس لڑائی کے دوران فوج نے وقت آنے پر مشرقی سرحد پر بھی دشمن کو بھرپور انداز میں جواب دیا۔ مشرقی سرحد ہو یا مغربی، اِن کامیابیوں کا سہرا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کو جاتاہے جنہوں نے حالات کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پاک فوج کی ان کامیابیوں کا راز بہترین حکمت عملی ،فرض شناسی اور حالت امن میں اپنے آپ کو جنگ کے لئے تیار رکھنے کی کاوشوں میں پوشیدہ ہے۔دراصل پاک فوج کا ہر سپاہی خود کو جنگ کے لئے ہمہ وقت تیاررکھتاہے یہی وجہ ہے کہ پاک فوج نے ہر محاذ پر دشمن کو زیر کیا ہے۔



جنگی تیاری کاایک اہم عنصرتربیتی مشقوں کے ذریعے اپنے جنگی معیار کو بہتر بنانا ہے۔اس سلسلے میں بہاولپور کور نے چولستان کے صحرائی علاقوں میں ''ضربِ حدید''نامی تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا ۔ اِن تربیتی مشقوں کا مقصد نئی جنگی حکمت عملی کے تحت صحراکے مشکل ماحول میں جوانوں کو دفاعی و جارحانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا تھا ۔ ''ضربِ حدید'' مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں۔ جس میں بہاولپور کور کے دفاعی ڈویثرن اور میکا نائزڈ ڈویثرن نے اپنے اپنے ٹرنینگ ایریا میں ایک خاص حکمت عملی کے تحت مشقیں کیں۔اِن مشقوں کے دوران کمانڈر بہاولپورکور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے ہرمرحلے میں جوانوں کی رہنمائی کرتے ہوئے ان کے ہمراہ مشقوں میں بھرپور شرکت کی ۔ کور کمانڈر نے جوانوں کی جنگی مہارت اور فٹنس کے معیار کی بھرپور تعریف کی اور اِس عزم کا اعادہ کیا کہ بہاولپورکور کا ہر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور تیار رہے گا۔
"''ضربِ حدید'' مشقوں کے اختتامی مراحل میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی دورہ کیا۔ کمانڈر بہاولپور کور نے آرمی چیف کو فوجی مشقوں پر بریفنگ دی جس میں انفنٹری ،آرمر ،آرمی ایوی ایشن ،ایئرڈیفنس اور آرٹلری سمیت تمام صیغوں کو جانچاگیا۔آرمی چیف نے موج گڑھ کے علاقے میں میکانائزڈ ڈویژن کی جارحانہ مشقوں کا مشاہدہ کیا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی مشقوں میں تربیت کے معیار پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ زمانۂ امن میں اعلیٰ تربیت ہی جنگ میں کامیابی کی ضامن ہے۔
آرمی چیف نے جنگی مشقوں کے اختتام پرافسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ روایتی جنگ میں کامیابیوں نے پاک فوج کو دنیا کی بہترین فوج بنادیاہے اور پاک فوج کی کارکردگی بھی متاثرکن رہی ہے ۔آرمی چیف نے مشقوں میں جوانوں کی جنگی مہارت ،بلند حوصلے اور فٹنس کے معیار کو بے حد سراہا۔
 

یہ تحریر 63مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP