ہلال نیوز

صدرِپاکستان کا پی ا ے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی کا افتتاح 

گزشتہ دنوں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر ایئر مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف دی ایئرا سٹاف (ٹریننگ)پاکستان ایئر فورس نے ان کا استقبال کیا۔ 



اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے اس ٹیم کی کاوشوں کو سراہا جس کی بدولت یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو بغیر کسی دبائو کے واپس بھیجا۔ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ27 فروری 2019 کے بعد پوری دنیا نے پی اے ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ مہمانِ خصوصی نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود اساتذہ اور عملے کے ممبران سے ملاقات کی۔ قبل ازیں، ایئر مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف دی ایئر سٹاف (ٹریننگ) پاکستان ایئر فورس،نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور تربیت ابتداء سے ہی پاک فضائیہ کا خاصہ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ایک ترقی یافتہ ادارے کی حیثیت سے معیاری تعلیم کے جدید عالمی رجحانات کو اپناتے ہوئے تعلیمی نصاب کو جدیدیت سے استوارکیا ہے اور تعلیم کو تنقیدی سوچ کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے ملک بھر میں مختلف پلیٹ فارم مہیا کئے ہیں۔ 
ہر کورس کے دوران پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے ممبران سو سے زائد مضامین کے ماہرین سے استفادہ حاصل کرتے ہیں جن میں سول و ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، اسکالرز/اکیڈمیشینز، وکلا، صنعتکار، سائنسدان، اکانومسٹ اور میڈیا ممبران شامل ہیں۔ مزید برآں، غیر ملکی اساتذہ اور سٹریٹجسٹس کے ساتھ تبادلہ خیال کے ذریعے کورس کی تعلیمی جامعیت اور وسعت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں،مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے باقاعدگی سے سیمیناروں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
 

یہ تحریر 74مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP