ہلال نیوز

سرسبز و شاداب پاکستان

حکومت کے ''سرسبز و شاداب پاکستان ''کے عزم کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پاک فوج بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس مہم میں بہاولپور کور کی جانب سے اب تک 3ملین سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں ۔ 



اِس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے 17 ستمبر 2021کو سرسبز وشاداب پاکستان کا دن منایا گیا جسکی تقریب کور ٹریننگ کمپلیکس چک 23 بی سی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے آغاز میں کمانڈر بہاولپور کور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء نے پودا لگایا اور اس عزم کااعادہ کیا کہ بہاولپور کور مزید 10 لاکھ پودے لگا کر اس علاقے کو مزید سر سبز و شاداب بنائے گی۔اس موقع پر سول انتظامیہ کے افسران ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے پروفیسرز اور مختلف سکولز کے 400 سے زائد طلباء نے شرکت کرتے ہوئے 1000 سے زائد پودے لگائے۔
تقریب کے اختتام میں کور کمانڈر نے کہاکہ پاکستان کو شدید ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے جس کا تدارک بڑے پیمانے پر شجرکاری اور جنگلات کے تحفظ کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔کور کمانڈر نے اس بات پر زور دیا کہ خطہ چولستان کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے پودے لگائے جائیں جو خشک اور ریتلی زمین میں باآسانی فروغ پا سکیں۔ درخت نہ صرف خطے کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ جنگلی حیات کو محفوظ بنانے کے لیے ان کے قدرتی مسکن کا سب سے اہم جز ہیں۔ چنانچہ ہمارا فرض ہے کہ ہم حکومتِ پاکستان کے اِس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو بہترین ماحول اور فضا مہیا کرنے کیلئے پاکستان کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں۔
(رپورٹ: میجر ثوبیہ عامر)
 

یہ تحریر 108مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP