خصوصی فوکس

بلوچستان کا حسنِ بے بدل

کہتے ہیں تصویر ہزار لفظوں سے برتر ہے۔ اچھا تصویر ساز اپنے کیمرے کی آنکھ سے ایک منظر کے اندر کئی مناظر دکھا سکتا ہے۔ پنوں کی سرزمین کیچ کا باسی اسرار شوکت بھی ایک ایسا ہی باکمال فوٹوگرافر ہے ۔جس نے اپنے علاقے کے وسیب اور قدرتی حسن کو نہایت مہارت سے اجاگر کیا ہے، جو بے حد متاثر کن اور قابلِ تحسین ہے۔
اس کی بنائی ہوئی تصویریں اپنے اندر کئی ان کہی کہانیاں لئے ہوئے ہیں۔ اسرار شوکت کی تصویریں پراسرار بھی ہیں اور ان میں تصویر کشی کے فن کی شوکت بھی پوری طرح عیاں ہے۔ اس کی بنائی تصویروں کی پرتیں جب ایک ایک کر کے اترتی ہیں تو ناظر کو ناقابلِ بیان مسرت حاصل ہوتی ہے۔



اسرار شوکت 6 مارچ 1999 کو تربت کے قصبہ ابسر میں پیدا ہوا۔ مقامی ہائی سکول سے فارغ ہو کر اس نے عطا شاد ڈگری کالج سے ایف ایس سی کی۔ اسے لڑکپن سے ہی فوٹوگرافی کا بہت شوق تھا کہ جس کو پروان چڑھانے میں اس کے والد شوکت علی نے اس کی بھرپور حمایت اور معاونت کی ۔ اسرار کے دوست احباب بھی اس کے فن کے معترف تھے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ بعد ازاں کراچی میں طلحہ غوری فوٹوگرافی اسکول سے ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد اسرار کے فن میں مزید نکھار پیدا ہوا۔ 
اسرار شوکت کی عمدہ تصویریں دولسانی جریدے 'کلرز آف بلوچستان'  2019 میں بھی شامل کی گئیں۔اس کے علاوہ 2020 میں وائس آف بلوچستان کے گوادر میں منعقدہ مقابلہ تصویر سازی میں اسرار شوکت نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔



اسرار شوکت نے جس زمین میں آنکھ کھولی، اور جس علاقے میں اپنا بچپن گزارا، اس کے رہن سہن کو کیمرے کی مدد سے ان ہزاروں آنکھوں تک پہنچایا کہ جن میں سے اکثر خود بلوچستان آ کر کیچ، مکران کے ان چھوئے حسن کا مشاہدہ کرنے سے قاصر ہیں۔ 
اسرار کی تصویریں فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی Israr Shoukat کے نام سے ڈھونڈھی اور دیکھی جا سکتی ہیں۔ 
اس ہونہار آرٹسٹ کی دیدہ زیب اور دلکش تصویروں میں سے بہترین کا انتخاب کرنا بہت مشکل کام ہے تاہم قارئین کی خدمت میں کچھ بولتی تصویریں پیش ہیں۔
اسرار شوکت کی خواہش ہے کہ پوری دنیا میں بلوچستان اور پاکستان کا نام ہو۔ اس کی حسن شناس آنکھیں پورے پاکستان کے قدرتی اور ثقافتی حسن کو ''تصویرنا'' چاہتی ہیں تاکہ وطنِ عزیز کا حسن و جمال سارے عالم پر کُھل سکے۔



اسرار بلوچ تربت کی باصلاحیت نوجوان نسل کا نمائندہ ہے کہ جہاںتناسب خواندگی بہت بلند ہے اور یہاں کے ہونہار طلبہ اپنی تعلیم اور ہنر سے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ اسرار ایک باشعور اور محب وطن آرٹسٹ ہے کہ جس کے مطابق بلوچستان پاکستان کے حسین چہرے کا سب سے نرالا اور دلکش رنگ ہے۔ وہ پرامید ہے کہ صوبے میں جاری سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے بعد بلوچستان کے منفرد مناظر اور ارضیاتی خدوخال کو دیکھنے کے لئے پاکستان اور دنیا بھر سے سیاح آئیں گے اور پاکستان کے رنگا رنگ حسن کے گن گاتے جائیں گے۔ ||


 

یہ تحریر 49مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP