ہلال نیوز

بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے  متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا امدادی آپریشن 

حالیہ بارشوں سے بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا۔ پی اے ایف کی ریسکیو ٹیموں نے موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے علاقوں کے مکینوں میں 1000  تیار شدہ کھانے کے پیکٹس،25 خیمے اور 2090 پائونڈ راشن تقسیم کیا۔



سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایات پر پاک فضائیہ کے اہلکار اور ہیلی کاپٹر فلیٹ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ پی اے ایف کے ہیلی کاپٹرز نے4200 کلو گرام راشن جس میں آٹا، گھی، چینی، دال، چائے شامل ہیں، آفت زدہ علاقوں میں تقسیم کیا ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے متعلقہ شعبوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ائیر چیف کی خصوصی ہدایات پر پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل  کیمپ متاثرینِ سیلاب کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ اس دوران 239 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ مزید برآں، پی اے ایف کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ملک بھر میں خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں نامساعد موسمی حالات کے باوجود پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔
 

یہ تحریر 617مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP