ہلال نیوز

پاک فضائیہ کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور  ریسکیو کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد

پاک فضائیہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بہبود اور بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور طریقے سے امدادی کارروائیاں اور ریسکیو کے عمل میں سول انتظامیہ کی مدد کرکے ریاستی اداروں کو مزید فعال بنا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پاک فضائیہ نے  فیلڈ میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ 



دریں اثناء اٹھال، لاکھڑا، مٹیاری، شہداد کوٹ، صحبت پور، قلعہ عبداللہ، فاضل پور، جھل مگسی، حاجی پور، بستی شیر محمد اور بستی جاگیر گبول کے ضرورت مند خاندانوں میں 15719 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 507 پانی کی بوتلیں اور 3415 خشک  راشن کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں بھی سیلاب میں پھنسے لوگوں کے باحفاظت انخلا میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔ مزید براں پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 2416 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔
پاک فضائیہ قدرتی آفات کے دوران انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ضرورت کی اس گھڑی میں حالیہ امدادی کارروائیاں ہم وطنوں کی مدد کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا عملی نمونہ ہیں۔
 

یہ تحریر 301مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP