گزشتہ دنوں پاک فضائیہ کے دستے نے فضائی مشق سپیئرز آف وکٹری، 2023 میں حصہ لیا جو ائیر وار سینٹر دھران (شاہ عبدالعزیز ایئر بیس)سعودی عرب میں اختتام پذیر ہوئی۔ مشق میں شامل ہونے والا پاک فضائیہ کا دستہ فخر پاکستان JF-17 تھنڈر اور F-16 طیاروں پر مشتمل تھا ۔مشق میں پاک فضائیہ اور دوست ممالک کے جدید لڑاکا طیاروں اور معاون عملے نے شرکت کی۔
اس مشق میں بڑی تعداد میں جارحانہ اور دفاعی پیچیدگیوں کی حامل تربیتی پروازیں شامل تھیں جن میں الیکٹرانک وارفیز، فضائی دفاعی سسٹمز اور دشمن کی صلاحیتوں کو سیمولیٹ کرنے والے جارحانہ لڑاکا طیاروں کو بھی شامل کیا گیا۔
اس مشق میں میزبان ملک سعودی عرب سمیت بحرین، یونان، اردن، پاکستان، قطر، برطانیہ اور امریکہ کی فضائی افواج نے شرکت کی۔ مشق کا مقصد حصہ لینے والے ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
ائیر مارشل عبدالمعید خان، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف، (ایئر ڈیفنس)نے مشق کی اختتامی تقریب کا معائنہ کیا اور مشق کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ کے دستے کی کاوشوں کو سراہا۔ ایئر اینڈ گرائونڈ کریو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی سلامتی کی صورتحال اور فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے تصورات پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان بہتر شراکت داری کے متقاضی ہیں۔
یہ تحریر 265مرتبہ پڑھی گئی۔