ہلال نیوز

آٹھویں ملٹی نیشنل میری ٹائم ایکسرسائز،امن ۔23اور پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا کامیاب انعقاد

گزشتہ دنوں آٹھویں ملٹی نیشنل میری ٹائم ایکسرسائز Aman-2023کا آغاز کرنے کی باقاعدہ تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں شریک ممالک کے مندوبین اور اعلیٰ ملٹری حکام کے علاوہ پاک بحریہ اور مقامی معززین کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مشق کا آغاز اس میں شریک تمام ممالک کے پرچم لہرانے سے کیا گیا۔



وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے امن مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔ مزید برآ ں انہوں نے شرکت کرنیوالی بحری افواج کے تعاون پر مبنی سکیورٹی کے عزم اور امن کو برقرار رکھنے کی کاوشوں میں پاک بحریہ کا ساتھ دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے مواقع ہمیں علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف کے مزید قریب لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹائم ایکسرسائز کا مقصد ممالک کے مابین ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے میری ٹائم کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، ماحولیاتی تبدیلی  اور عالمی دہشت گردی جیسے درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔مزید برآں چیف آف نیول سٹاف نے شرکاء کا اپنے خطاب میں پرتپاک استقبال بھی کیا۔



رواں سال امن ایکسرسائز میں 50سے زائد ممالک کے بحری جہازوں، طیاروں، سپیشل آپریشن فورسز اور مبصرین کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس کے علاوہ پاک بحریہ کے زیر اہتمام تین روزہ انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اور کانفرنس(PIMEC) بھی کراچی میں منعقد کی گئی تھی جس کا مقصد قومی سٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی برادری کے مابین پاکستان کی بلیو اکانومی کے لیے بیداری پیدا کرنا ہے۔
PIMECکی اختتامی تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی جبکہ چیف آف نیول سٹاف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ سول، ملٹری ، مقامی اور غیر ملکی مندوبین کی بھی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔PIMECکے پس منظر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز(NIMA) کی جانب سے پاک بحریہ کے زیر اہتمام 3دن کی انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
نیول چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ ایک اہم سٹیک ہولڈر ہونے کے ناتے بلیو اکانومی کی ناقابل استعمال صلاحیت سے فائدہ مند ہونے کے لیے ضروری  میری ٹائم آگاہی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ نیشنل اور انٹرنیشنل سٹیک ہولڈرز کو متحد کرکے اپنے میدان میں جدید آئیڈیاز پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
 

یہ تحریر 144مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP