ہلال نیوز

16 دسمبر: بہاری قوم کو خراج عقیدت

16 دسمبر 1971 میں سقوط ڈھاکہ کے دوران محب ِوطن اور قربانی کے جذبے سے سرشار''بہاری کمیونٹی''نے پاکستان اور پاک فوج کا بھر پور ساتھ دیا۔ اس سلسلے میں بہاری قوم کی خدمات کو خراج ِتحسین پیش کرنے کے لئے اہم تقریب کا انعقاد راولپنڈی گریثرن میں ہو ا۔ جس کے مہمان خصوصی کمانڈر 10کور لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا تھے ۔ اس پر وقار تقریب میں بہاری کمیونٹی کے59  غیور سپوتوں نے اور ان کے شانہ بشانہ لڑنے والے 33  جنگی ہیروز (وار ویٹرنز )نے شرکت کی۔یہ تقریب اس بات کا ثبوت تھی کہ پاک فوج اپنے شہیدوں ،غازیوں اور محسنوں کو کبھی نہیں بھولتی ۔ بہاری قوم اس عزت افزائی پر بہت خوش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے فورم سے جس طرح محب ِوطن اور جانثار بہاریوں اور EPCAF کے جوانوں کی پذیرائی کی گئی وہ ایک ناقابل فراموش کاوش ہے۔ وہ تہہ دل سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ اورکمانڈر 10کور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کے شکرگزار ہیں ۔ یاد رہے کہ جب لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا ڈی جی ایم او کے عہدے پر فائز تھے ، نے میجر جنرل آغا مسعود اکرم کے ساتھ مل کر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تجویز دی تھی کہ 1971کے غیور اور محب ِوطن بہاری کمیونٹی کا کھوج لگا کر ان کی ممکنہ فلاح وبہبود کی جائے۔ بہارپٹنہ کے مسلمانوں نے وطن ِعزیز کی خاطر ہجرتیں کیں اور پاکستان کو ان کی بیش بہا قربانیوں کا احساس ہے کیونکہ یہی وہ لوگ تھے جہنوں نے آرمی کی پکار پر لبیک کیا اور رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں اور جنگلوں، دریائوں، ندی نالوں میں آرمی کا ساتھ دیا اور پاکستان کے پرچم کو تھامے رکھا۔ ان کی اس بے لوث خدمت کے نتیجے میں باغیوں نے ان بہادروں کے پورے پورے خاندانوں کو ذبح کیا ، عورتوں کی عصمت دری کی، گھر بار کو لوٹ لیا اور ان پر بے شمار مظالم ڈھائے۔ ان حالات کے باوجود یہ محبِ وطن پاکستانی ملک کے دفاع میں فوج کے ساتھ سینہ سپرد رہے اور جنگی قیدی بن کر سخت ترین صعوبتیں برداشت کیں۔ پاکستان آرمی نے ان کے درد کو محسوس کیا اور گلی گلی، شہر شہر گھوم کر لگ بھگ ایک ہزار کے قریب ان بہاری غیور محبِ وطن پاکستانی سولجرز کو ڈھونڈ نکالا اور کراچی سے گلگت تک ان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسی سلسلے کی چھٹی اور آخری تقریب کا اختتام بھی اس اہم ترین پروگرام کے تجویز کنندہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کے ہاتھوں ہوا۔ جہنوں نے چار سال اس کی رہنمائی اور ہر قسم کی مدد فراہم کی۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بہادر بہاری کمیونٹی اور ان کے عظیم ورثا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج کی خوبی یہ ہے کہ ہم اپنوں کو نہیں بھولتے، جس طرح دوسرے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں یہ بھی اسی طرح پوری قوم کا فخرووقار ہیں۔ پاک آرمی یقین دلاتی ہے کہ وہ اپنے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دے گی۔ آج کی تقریب کا مقصد ِاسی عہد کی تجدید ہے۔ اس موقع پر اسلام اور پاکستان کے تمام شہیدوں اور بالخصوص 1971 کی جنگ کے شہیدوں کے لئے دعا کی گئی اور حاضرین میں تحائف اور سوینئرز تقسیم کیے گئے۔ 
(رپورٹ: لیفٹیننٹ کرنل محمد ماجد مرزا)



 

Read 45 times


TOP