ہلال نیوز

آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) کا اگلے مورچوں اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کوئٹہ کا دورہ

گزشتہ دنوں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے عید الضحٰی کے موقع پر بلوچستان میں قائم ایف سی کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ جوانوں کے ہمراہ نماز ِعید ادا کی گئی اور ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آئی جی ایف سی نے افسران اور جوانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں اور بلوچستان کو پْرامن بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا اور اْن کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی جی ایف سی نے ہرنائی ،بابر کچھ، مچھ اور مارگٹ میں تعینات ونگز کا دورہ کیا اور مچھ میں ہی واقع ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ(MPCL) کے سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ کمپنی انتظامیہ نے عید کے موقع پر آمد پر آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) کا شکریہ ادا کیا۔ 
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کا ہمیشہ دفاع کیا ہے۔ ان ہیروز کی قربانیاں پاک فوج اور قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ قوم ان بہادر بیٹوں اور جرأت مند خاندانوں کی مقروض ہے۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
کوئٹہ واپسی پر آئی جی ایف سی (نارتھ) نے ایس او ایس چلڈرن ویلج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور یتیم و بے سہار ا بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔ ایس او ایس چلڈرن ویلج ایک فلاحی ادارہ ہے جو یتیم اور بے سہارا بچوں کو مفت تعلیم، رہائش اور دیگر رہن سہن کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ایف سی بلوچستان بھی مختلف ادوار میں فلاح کے اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے جس میں 2011 میں ایس او ایس چلڈرن ویلج کوئٹہ میں ایف سی ہاؤس کے نام سے ایک بلاک کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ اس بلاک کے لیے ضروری سامان بھی ایف سی بلوچستان کی جانب سے فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف ادوار میں فرنیچر، تزئین و آرائش اور دیگر اشیاء کی مد میں بھی لاکھوں روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔
ایس او ایس چلڈرن ویلج آمد پر آئی جی ایف سی کو اس فلاحی ادارے کے بارے میں ابتدائی بریفنگ دی گئی اور اس کے بعد آئی جی ایف سی نے چلڈرن ہومز، یوتھ ہاسٹل، ایس او ایس ویلج کی مختلف سہولیات کا دورہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ بچے اور نوجوان عید کے دن آئی جی ایف سی کو اپنے ساتھ پا کر بے حد خوش ہوئے اور ایف سی سے محبت کا اظہار کیا۔ آئی جی ایف سی نے بچوں کے گھروں اور مختلف تفریحی سہولیات کی دیکھ بھال اور ادارے کی تزئین و آرائش کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔
ایس او ایس چلڈرن ویلج کی چیئرپرسن مسِز روشن خورشید بروچہ اور بچوں نے عید کے موقع پر دورہ کرنے اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کے ساتھ تعاون کرنے پر آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیاـ

Read 191 times


TOP