ہلال نیوز

آزاد کشمیر میں جشن آزادی کے رنگ 

آزاد جموں و کشمیر میں ملک بھر کی طرح یوم آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے اور بھر پور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ جشن آزادی کو بطریق احسن منانے کے لیے آزادجموںو کشمیر کے تمام چھو ٹے و بڑے شہروں میں مختلف سرکاری اور نجی شعبوں ، سماجی اور سیاسی تنظیموں کے زیر اہتمام قومی پرچم کشائی ، جلسے ، جلوس اور خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ پاکستان کے قومی جھنڈوں کی خریداری میں مصروف بچوں سمیت لوگوں میں بڑا جوش و خروش دیکھا گیا۔ سرکاری عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا اور تمام شہر سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گئے۔ 
 اس سلسلے میں آزاد جموں وکشمیر کے تمام ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔مرکزی تقریب دارالحکومت مظفر آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔



مختلف تعلیمی اداروں ، خصوصاً آرمی پبلک سکولز میں ہونے والی تقریبات میں بچوں نے جشن آزادی بھر پور طریقے سے منایا اور یوم آزادی کی مناسبت سے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے ۔مقررین نے تحریک آزادی پاکستان کے مجاہدوں اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکارو نظریات پر عمل پیرا ہو کر ایک مستحکم فلاحی ریاست کے قیام کے لیے بھر پور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔
 

Read 81 times


TOP