گزشتہ دنوں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ ملتان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور ملتان کی سو ل انتظامیہ کے علاوہ معززینِ شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 12/13 جولائی 2022 کی رات دہشت گردوں کے ایک گروپ نے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا (ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات انجام دے رہے تھے) اور ان کے کزن مسٹر عمر جاوید کو زیارت سے واپس کوئٹہ آتے ہوئے اغوا کرلیا۔اطلاع ملنے پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس نے فوری طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کاتعاقب کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا۔نتیجے کے طور پر 14/13 جولائی کی رات 6 سے 8 دہشت گردوں کے ایک گروپ کوسکیورٹی فورسز کی ٹیم نے قریبی پہاڑوں کے ایک نالے میں جاتے ہوئے دیکھا۔ اپنے ممکنہ گھیرے کا احساس ہونے پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا کو گولی مار کر شہید کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ شہید کا جسدِ خاکی جب ملتان لا یا گیا تو ہر آنکھ اشک بار تھی ۔قوم لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کی لحد پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی ۔
Read 369 times