ہلال نیوز

کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل  سائنسز میں کانووکیشن کا انعقاد 

گزشتہ دنوں کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (QIMS)میں چوتھے کانووکیشن کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کوئٹہ کو ر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی تھے ۔تقریب کے دیگر مہمانانِ گرامی میں وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق الرحمن، وائس چانسلر NUMS لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیر اور پرنسپل QIMS پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویر کے علاوہ فیکلٹی ممبرز، گریجویٹس اور ان کے والدین نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔



 کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخ ساز دن ہے جس میں MBBSکے تین بیجز (4th, 5th, 6th)نے اسناد وصول کیں ۔ انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکبادپیش کی اور کہا کہ یہ کامیابی طلباء ،والدین اورفیکلٹی ممبرز کی انتھک محنت سے ممکن ہو پائی ۔
کورکمانڈر کا مزید کہنا تھا کہQIMSبلوچستان نے 2011 میں اپنے قیام کے آغازسے ہی نہ صرف اپنی انفرادی حیثیت منوائی بلکہ بہت کم عرصے میں میڈیکل سائنسز کے شعبے میں انتہائی اہم اور کامیاب ادارہ بن چکا ہے۔ QIMS نے سال 2021 میں 100فیصدرزلٹ حاصل کیا اور حال ہی میں اس کی کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیشن کے طلبا کی تعداد 100 سے بڑھا کر 150 کر دی گئی ہے جو اس کی بہترین کامیابی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ QIMSبہترین تعلیمی اور ریسرچ کی سہولیات بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ طلباء کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیتا ہے تاکہ طلباء بہترین انسان ، اعلیٰ اوصاف رکھنے والے شہری اور طبی اقدار کو ماننے والے ڈاکٹرز بن کر معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہاکہ ماضی قریب میں COVID-19 کے دوران قوم نے ڈاکٹرز 'جوہمارے فرنٹ لائن ہیروز ہیں' کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آپ نے اس مقدس فریضے کو مزید آگے بڑھانا ہے ۔
تقریب کے دوران کمانڈر 12کور نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس میں گولڈ میڈلز ،سکالرشپس ، اعزازی سرٹیفیکیٹس اور اسناد تقسیم کیں اور آخر میں وائس چانسلر NUMS لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیراور وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق الرحمن کو بھی شیلڈ ز دیں ۔
 

Read 366 times


TOP