گزشتہ دنوں کمانڈر گوجرانوالہ کورلیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے کامن ویلتھ گیمز چیمپیئن شپ 2022 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانی کھلاڑیوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی ۔کھلاڑیوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے اور اِن میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے محمد نوح دستگیر بٹ،چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے انعام بٹ، چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے زمان انور اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے علی اسد شامل ہیں۔
کور کمانڈر نے کھلاڑیوں کی انتھک محنت اور کامیابی پر گوجرانوالہ کور اور پاک آرمی کی طرف سے مبارک باد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے کہ انھوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام اور پرچم سر بلند کیا۔
کور کمانڈر نے اتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ ملاقات کے دوران اتھلیٹس کے والدین اور کوچ بھی شامل تھے۔
بعد ازاں کور کمانڈر نے کھلاڑیوں کے ہمراہ گوجرانوالہ گیریژن آڈیٹوریم کا دورہ بھی کیا، جہاں عمارت کے ایک حصے میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ہر شعبہ زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی تصاویر آویزاں کرکے ایک خوبصورت فوٹو گیلری بنائی گئی ہے۔ کھلاڑیوں نے اپنی حوصلہ افزائی پر اظہارِ مسرت کیا اور کور کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔کور کمانڈر نے زخمی ہونے والے اتھلیٹس کے مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی اور تمام اتھلیٹس کو گوجرانوالہ کینٹ میں تمام کھیلوں کے متعلق سہولتوں کی مکمل اور مفت رسائی کا اعلان کیا۔
Read 236 times