ہلال نیوز

کثیر ملکی عسکری مشق ''ایسز میٹ 1-2021 ' کی اختتامی تقریب

گزشتہ دنوں دو ہفتوں پر محیط کثیر ملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2021-1 پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل بیس پر اختتام پذیر ہو گئی۔ اس سلسلے میں اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمانِ خصوصی ائیر کموڈور علی نعیم ظہور، بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف  تھے۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر  نواف سعید المالکی نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔ دیگر شریک مہمانان ِ گرامی میں ائیر وائس مارشل (پائلٹ/سٹاف)  عود عبداللہ الزہرانی ڈیفنس اتاشی سعودی عرب، کرنل والن ڈیوڈ ائیر اتاشی امریکہ،  بحرین، مصر اور اردن کے مبصرین بھی شامل تھے۔  
مشقوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ کو کانٹر ٹیررزم کے حوالے سے اپنے تجربات میں سعودی اور امریکی فضائیہ کو شریک کرنے پر انتہائی مسرت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عسکری مشق ایسز میٹ نے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ان مشقوں کے کامیاب انعقاد سے ہم نے اپنے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہم دوست اور اتحادی ہونے کے ناتے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔"



پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ کووڈ 19صورتحال کے باوجود کامیاب عسکری مشقوں کے انعقاد پر پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی ائیر اتاشی کرنل والن ڈیوڈ نے بھی مشقوں کی کامیاب تکمیل پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔ 



ایسز میٹ 1-2021 مشقوں میں پاک فضائیہ، امریکی فضائیہ اور سعودی فضائیہ نے بھرپور گرمجوشی سے حصہ لیا جبکہ مصر، اردن اور بحرین کی فضائیہ کو بطور مبصر ان مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

Read 103 times


TOP