ہلال نیوز

چیف آف آرمی سٹاف کا سوات  کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانجو،( سوات) کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور کالام سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے منتقل کئے گئے متاثرین سے ملاقات کی۔ ان متاثرین میں سیاح خاندان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانا ابھی ناممکن ہے۔ اس بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کے تخمینے کا اندازہ لگانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومتیں اور فوج مل کر سروے کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اشد ضرورت کالام روڈ کو دوبارہ بحال کرنے کی ہے جسے مسافروں کے لئے جلد از جلد کھول دیا جائے گا۔



چیف آف آرمی سٹاف کا کہنا تھا کہ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بیرون ملک دوست ممالک نے اس مشکل گھڑی میں بھی پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ یو اے ای، ترکی اور چین سے اس سلسلے میں امدادی سامان کی فراہمی کی جاچکی ہے اور سعودی عرب اور قطر سے بھی اسی طرح کے بھائی چارے کی امید ہے۔
مزید برآں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی بھی اس امتحان کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے۔
 

Read 334 times


TOP